امریکا کے پاس اپنی غلطیوں کو ماننے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے: عراقچی
وزیر خارجہ عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا مشکل نہیں اور اس کے لیے صرف امریکا کی جانب سے ایران کی معقول شرطیں تسلیم کرنا کافی ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ امریکا کے اپنی غلطیوں کا اعتراف اور اپنے پچھلے وعدوں پر عمل کے علاوہ موجودہ صورت حال کا کوئی حل نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ہفتہ 21 نومبر 2026 کو عمان کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عمان کے تعلقات خطے میں امن و استحکام کے حالات میں تشکیل پائے ہیں۔ ہمارے لیے عمان صرف ایک ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایک دوست اور برادر ملک ہے اور یہ تعلقات باہمی احترام، مفادات اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک عمان کی حکومت ایک ذمہ دار حکومت ہے، جس کے خلیج فارس اور مغربی ایشیا کے خطے میں امن، سیکورٹی، ترقی اور پیش رفت کے لحاظ سے واضح اہداف ہیں۔ ہم خطے کے معاملات، بالخصوص ایک اہم موضوع یعنی خلیج فارس کے خطے میں نئے سیکورٹی ڈھانچوں کے قیام کے بارے میں عمان کے ساتھ مسلسل تبادلۂ خیال کرتے رہتے ہیں۔
عراقچی نے کہا کہ گزشتہ جنگوں سے ملنے والا بڑا سبق یہ ہے کہ خطے کی سیکورٹی، علاقائی سطح پر قائم ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں بات چیت شروع ہو چکی ہے۔ انھوں نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے مشکل نہ ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف اتنا کافی ہے کہ امریکا بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران کی معقول شرطیں تسلیم کر لے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے اور اپنے پچھلے وعدوں پر عمل کرنے کے علاوہ موجودہ صورت حال کا کوئی حل نہیں ہے۔
عراقچی نے اس تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کی ناکہ بندی پوری طرح سے غیر قانونی ہے۔ انھوں نے کہا کہ البتہ اس معاملے کے بارے میں قیاس آرائیاں، باتیں اور افواہیں بھی بہت زیادہ ہیں اور میرے خیال میں خطے کے ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت، مشاورت اور ثالثوں کے کردار کو موقع دینا چاہیے تاکہ یہ سلسلہ جاری رہ سکے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ناکہ بندی کا خاتمہ ایک معقول راستے اور منطق کی بنیاد پر عمل میں آئے گا۔
عراقچی نے گزشتہ رات ایک قطری وفد کے ایران کے دورے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس طرح کا دورہ کسی بھی لحاظ سے غیر معمولی نہیں ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان ثالث مسلسل آتے جاتے رہتے ہیں، وہ فریقین سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور ان کے درمیان تجاویز کا تبادلہ کرتے ہیں۔ ہمارا موقف بالکل واضح ہے اور جب تک ایران کے مطالبے مکمل طور پر پورے نہیں ہوتے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ اس کے باوجود ہم نے ہمیشہ اعلان کیا ہے کہ ہم بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں، جس طرح سے کہ ہم اپنا دفاع کرنے کے لیے بھی پوری طرح تیار ہیں۔



