اقتصادی ناکہ بندی کسی صورت قابل قبول نہیں، ایران کا موقف افزودہ مواد ملک سے باہر نہ بھیجنے پر مبنی ہے: غریب آبادی
نائب وزیر کاظم غریب آبادی نے اقتصادی ناکہ بندی کو جنگی اقدام اور ناقابل قبول بتاتے ہوئے کہا ہے ایران اس ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا اور افزودہ مواد کے بارے میں ہمارے ملک کا موقف یہ ہے کہ یہ مواد ایران سے باہر نہیں بھیجا جائے گا۔
نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے تہران کے "امن میوزیم” میں کیمیائی حملوں سے متاثر ہونے والے متعدد سابق فوجیوں سے ملاقات اور گفتگو کی تقریب کے موقع پر اس بات پر زور دیا کہ ایران کی جانب سے کیمیائی ہتھیار اور ڈرٹی بم استعمال کیے جانے کے امکان سے متعلق امریکا کے دعوے سیاسی نوعیت کے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ دعوے سیاسی اور فوجی مقاصد کے حصول کے لیے کیے جا رہے ہیں اور امریکا کے جوہری دعووں کی طرح یہ دعوے بھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہ کیمیائی حملوں کے دوران ایران کے متاثر ہونے کے موجودہ شواہد کے باوجود، ایران کی جانب سے ڈرٹی بم اور کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جانے کے امکان سے متعلق دعوے کرنے کے پیچھے امریکی صدر کا کیا مقصد ہے؟ کہا کہ امریکا نے کس دعوے کی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دو جنگیں شروع کیں؟ اس ملک نے جوہری ہتھیار تیار کرنے یا ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے بے بنیاد دعوے کو اپنے اقدامات کا جواز بنایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ اس حقیقت کے باوجود ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند تھا۔ ایران میں سب سے زیادہ جوہری معائنے کیے جاتے تھے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے 70 سے 80 فیصد سے زیادہ معائنہ کار ایران کی جوہری سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے۔ اس کے باوجود ایران کے جوہری مواد کا ایک گرام بھی فوجی مقاصد کی جانب منحرف نہیں ہوا تھا۔ نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس کے باوجود امریکا اور صیہونی حکومت، جو خود بڑے پیمانے پر عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے مالک ہیں اور امریکا تو جاپان میں جوہری ہتھیار استعمال بھی کر چکا ہے، ایران پر الزام عائد کرتے ہیں۔
نائب وزیر خارجہ نے عمان کے سلطان کو وزیر خارجہ کی جانب سے پیش کیے گئے منصوبے کے بارے میں بتایا کہ ہمارا منصوبہ وہی دو روزہ منصوبہ ہے جو اس وقت زیر غور ہے۔ ڈاکٹر عراقچی نے بھی اسی بات کی طرف اشارہ کیا تھا۔ فی الحال ہم نے صرف یہی ایک منصوبہ پیش کیا ہے اور یہی منصوبہ زیر غور ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی امریکا اس پر عمل درآمد کے تقاضے پورے کرنے کے قابل ہو جائے گا، ہم اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کے راستے پر چل سکتے ہیں۔ غریب آبادی نے ایران کے جوہری معاملے کے بارے میں کہا کہ ابھی اس سلسلے میں مذاکرات شروع نہیں ہوئے ہیں اور فطری طور پر اگر مذاکرات کا آغاز ہوتا ہے تو اس معاملے کے فنی پہلوؤں پر بھی بحث ہوگی اور ان کا جائزہ لیا جائے گا تاہم جیسا کہ وزیر خارجہ اعلان کر چکے ہیں، ہمارا بنیادی موقف یہی ہے کہ ایران کا افزودہ مواد ملک سے باہر نہیں بھیجا جائے گا۔



