◷

امریکہ پر بھروسے کا انجام

12 نومبر 2026

IMG_20261111_151851_724.jpg

 

 

تحریر: علی احمدی

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے دوسری بار یوکرین کو دھوکہ دیا ہے اور اسے روس کی جانب سے یوکرین پر ممکنہ میزائل حملوں کے بارے میں بروقت انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا ہے۔ دوسری طرف امریکی حکام کا دعوی ہے کہ اس کی وجہ خراب موسمی حالات تھے جن کی وجہ سے وہ روس کے ممکنہ میزائل حملوں سے آگاہ نہیں ہو سکے۔ یوکرین کے اعلی سطحی فوجی حکام کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات اور شائع ہونے والی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ نے یوکرین پر دباو بڑھا دیا ہے۔ واشنگٹن نے کیف کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس کی آئل ریفائنریز پر حملے جاری رکھے تو اسٹار لنک سیٹلائٹ سسٹم تک اس کی رسائی روک دی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق اس دھمکی پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

امریکہ کی جانب سے یوکرین کی اسٹار لنک سیٹلائٹ سسٹم تک رسائی محدود ہو جانے کے باعث یوکرینی فوج کو ڈرون حملے انجام دینے اور ملٹی روٹرز کے استعمال میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ دوسری طرف روس نے کیف اور اودیسا میں یوکرین کے ڈیٹا پروسسنگ سنٹرز اور لاجسٹک مراکز پر بھرپور حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے پاس موجود وسیع اختیارات اور طاقتور ہتھکنڈوں کی بدولت پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام میں استعمال ہونے والے ریسپٹر میزائلوں کی مزید تعداد یوکرین کو فراہم کرے تاکہ روس کے میزائل حملوں کے مقابلے میں دفاعی طاقت بڑھائی جا سکے۔ اسکائی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق یوکرین میں آگاہ ذرائع نے بتایا ہے کہ یوکرین کی مسلح افواج اسٹارلنک سیٹلائٹ سسٹم تک رسائی میں مزید محدودیت کا شکار ہو چکے ہیں۔

یوکرینی فوجیوں نے بتایا ہے کہ جب وہ تیزی سے حرکت کرتے ہیں تو اسپیس ایکس کمپنی سے حاصل کردہ انٹرنٹ سے ان کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو جاتا ہے۔ اس مسئلے کی وجہ سے اب تک یوکرینی فوج کئی بار شدید نقصان کا شکار ہو چکی ہے کیونکہ انٹرنٹ منقطع ہو جانے کے باعث ان کے ڈرون ناکارہ ہو جاتے ہیں اور روس کے خلاف فضائی حملہ ناکام ہو جاتا ہے۔ یوکرین حکومت کا کہنا ہے وہ اس مسئلے کے حل کے لیے اب تک کئی بار امریکی حکام، اسپیس ایکس کمپنی کے سربراہان اور نیٹو سربراہان سے رابطہ کر چکی ہے۔ اعلی سطحی یوکرینی فوجی حکام نے بتایا کہ اسپیس ایکس کے فوجی شعبے اسٹار شیلڈ نے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ حرکت کے دوران انٹرنٹ سہولت فراہم کرنا بند کر دی ہے جبکہ یوکرینی فوج کو پہلے سے خبردار بھی نہیں کیا گیا۔

اس بارے میں معروف سیکورٹی اور دفاعی تجزیہ کار مائیکل کلارک نے ایک برطانوی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: "امریکی حکومت نے ان دنوں یوکرین پر شدید دباو ڈال رکھا ہے۔ میامی میں امریکہ کے اراکین کانگریس کی یوکرین حکام سے میٹنگ جاری تھی اور وہ یہ سن کر حیران رہ گئے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک سے روس کے ساتھ ڈیزل خریدنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔” اسٹارلنک سے رابطہ منقطع ہونے سے پہلے یوکرینی صدر نے پیر کے دن مغربی اتحادیوں سے موصول ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان معلومات کی بروقت موصولی کے باعث یوکرینی شہریوں کی جان محفوظ رہتی ہے۔ اب وائٹ ہاوس کی جانب سے بالواسطہ دباو کے بعد ولادیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ بیلسٹک میزائل حملوں کی پیشگی اطلاع ہمارے شہریوں کی جان محفوظ رکھتی ہے۔

اگرچہ یوکرینی صدر نے کسی خاص شخص کا نام نہیں لیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ میزائل حملوں کی پیشگی اطلاع نہ دینا ایک ناگوار واقعہ ہے۔ ایسے حالات میں منگل کے روز بھی یوکرین پر روسی میزائلوں کی بارش ہوتی رہی۔ دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ دن پہلے یہ اعلان کیا کہ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان انرجی تنصیبات سے متعلق جنگ بندی کروا دی ہے اور اب دونوں فریق ایک دوسرے کی انرجی تنصیبات پر حملہ نہیں کریں گے۔ لیکن اس کے اگلے ہی دن روس نے دارالحکومت کیف میں یوکرین کی تیل کی تنصیبات کو میزائل حملوں کا نشانہ بنا ڈالا۔ ولادیمیر زیلنسکی نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر پیغام دیا کہ ہمارے مغربی اتحادیوں نے ہمیں کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی تھی۔ یاد رہے امریکی حکام نے چند دن پہلے ہی یوکرین حکومت کو خبردار کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کیف کو انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی مکمل طور پر روک دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس سے ڈیزل کی خریداری پر مبنی معاہدہ سیاسی مخالفین کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ سینیٹرز کے سربراہ چاک شومر، خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے رکن جین شاہین اور ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے ٹرمپ کے اس اقدام کو یوکرین، یورپی اتحادی ممالک اور امریکہ کی قومی سلامتی سے غداری قرار دے دیا ہے۔ ان رہنماوں نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کی عظیم جنگی مشینری کو مالی امداد فراہم کرنے کی بجائے ایران جنگ ختم کرے۔ اسی طرح ریپبلکن پارٹی کے معروف سیاسی رہنماوں کی بڑی تعداد نے بھی ڈیموکریٹک رہنماوں کے اس مطالبے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ رکن کانگریس ڈان بیکن نے امریکی عوام کی اکثریت کی جانب سے یوکرین کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو شکست خوردہ قرار دے دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے