◷

امریکا اور اس کے اتحادیوں کوایران کے اسپیکر کاانتباہ

29 ستمبر 2026

 ایران کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہماری سلامتی محفوظ نہیں رہی تو کسی کا بھی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا

  اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور دیگر سبھی ممالک جان لیں کہ اگر ہماری سیکورٹی محفوظ نہیں رہی تو کسی کا بھی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا

 انھوں نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں آٹھ سالہ، بارہ روزہ اور چالیس روزہ جنگوں کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم جس ہفتے میں ہیں، وہ ایثار، استقامت اورخدمت کے اعلی ترین مثالی نمونوں کا ہفتہ ہے۔

اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ  اس ہفتے میں قابل فخر آپریشن ثامن الائمہ اور آبادان کا محاصرہ ٹوٹنے کی سالگرہ ہے، وطن کے جانبازسپاہیوں اورفائر بریگیڈ کے فداکار جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جو ہمیشہ عوام کی جان ومال کی حفاظت میں جاں نثاری کے لئے تیار رہتے ہیں۔  

ایران کے اسپیکر نے کہا کہ جس قوم کی تاریخ اتنی محکم اور درخشاں ہو، اس کو محاصرے اور دھمکیوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔

 انھوں نے کہا کہ اگر امریکی دشمن اس بنیادی حقیقت کو نہ سمجھ سکا تو ملت ایران سے مہلک وار کھاتا رہے گا۔
 ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ  امریکی صدر نے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران ایران کی عظیم قوم اور اس کے تمدن کی شان میں گستاخی کی جس سے پتہ چل گیا کہ امریکیوں نے اپنی اصلاح نہیں کی ہے  اور ان گستاخانہ باتوں کا جواب صرف یہ ہے کہ تو پھر آؤ میدان میں۔  

 انھوں نے کہا کہ امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کے بارے میں جو با تیں اور اپنے دعوؤں کی جو تکرار کی ہے، ان کا جواب یہ ہے کہ امریکی اور دوسرے سبھی ممالک  جان لیں کہ اس علاقے میں اگر ہم تیل نہ بیچ سکے تو کسی کا بھی تیل نہیں بکے گا اور ہماری سلامتی محفوظ نہ رہی تو کسی کا بنیادی ڈھانچہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔  

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے