◷

ہمارے ملک کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں :ایرانی صدر

28 ستمبر 2026

کوئی طاقت ایران کو مٹا نہیں سکتی/ ہمارے ملک کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی (طاقت) ایران کومٹا نہیں سکتی کیونکہ ہمارے ملک کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے امریکی صدر کی تقریر کو مد نظر رکھتے ہوئے رسمی تقریر کے بجائے امریکہ کے رویئے اور اسرائیل کے اقدامات کے بارے میں بات کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی تقریر کی بنیاد پر ضروری تھا کہ اقوام متحدہ کے پلٹ فارم سے امریکہ اور اسرائيل کے اقدامات کے بارے میں کھل کر بات کی جائے۔

صدر ایران نے کہا کہ اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے، تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے جبکہ امریکہ نے ہمارے بہت سے کمانڈروں، سائنسدانوں، وزیروں، رہنماؤں اور بے دفاع لوگوں کو قتل کیا ہے اور دعویٰ  ہے کہ ایران ایک دہشت گرد ہے۔

ایران کے صدر نے لبنان اور غزہ میں اسرائيل کے دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھناونے جرائم کا ارتکاب کرنے والے بظاہر انسانیت اور انسانی حقوق کا راگ الاپتے دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے امریکی اقدامات کو عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے ضابطوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے حالیہ برسوں کے دوران دنیا بھر میں اپنی دھونس جمانے کی کوشش کی ہے اور وینیز ویلا، کیوبا اور گرین لینڈ اس کی واضح مثالیں ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی جڑیں بہت گہری اور تاریخ میں پیوست ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اسے دنیا کے نقشے سے مٹا نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود ایرانی قوم آج بھی میدان میں موجود ہے اور اس کی یہ مزاحمت لائق تحسین ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے