ڈونلڈ ٹرمپ، شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوتن نے 19 نومبر 2026ء کے دن چین کے شہر شینزن میں تاریخی ملاقات انجام دی۔ اس ملاقات کی اہمیت محض تین ممالک کے باہمی تعلقات اور ممکنہ معاہدوں تک محود نہیں ہے بلکہ اس میں بہت اہم جیوپولیٹیکل پیغامات اور سیاسی علامتیں پائی جاتی ہیں۔ دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے سربراہان ایسے حالات میں ایک میز پر بیٹھے ہیں جب عالمی نظام متعدد بحرانوں کی لپیٹ میں ہے جن میں یوکرین جنگ اور مغربی ایشیا میں جاری تنازعات شامل ہیں۔ دوسری طرف ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقابلہ بازی، جوہری سلامتی اور بین الاقوامی اداروں کی کمزوری نے بھی ان بحرانوں کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ اگر ہم اس ملاقات کو اس معیار پر جانچیں کہ عملی طور پر کوئی مناسب راہ حل حاصل ہو سکے ہیں تو نہیں تو اسے ایک کامیاب ملاقات قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ نہ تو یوکرین جنگ سے متعلق کوئی اتفاق رائے حاصل ہوا اور نہ ہی ایران کے خلاف جاری جنگ کا کوئی راہ حل سامنے آ سکا۔ اسی طرح ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقابلہ بازی اور دیگر ایشوز پر بھی کوئی سمجھوتہ طے نہیں ہو سکا۔ لہذ اس ملاقات کو محض علامتی ملاقات قرار دیا جانا ہی درست ہو گا۔ اصل سوال یہ ہے کہ دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے سربراہان نے موجودہ حالات میں دیگر اہم بین الاقوامی کھلاڑیوں خاص طور پر یورپ کے بغیر باہمی ملاقات اور گفتگو کا فیصلہ کیوں کیا ہے؟ اور کیا وجہ ہے کہ ورلڈ آرڈر میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تجزیے کے لیے ایران جیسی طاقتوں کو بھی مدنظر قرار دینے کی ضرورت ہے جس نے گذشتہ چند عشروں کے دوران عالمی نظام کی برتر طاقت کے دباو اور مداخلت کے خلاف کامیابی سے مزاحمت کی ہے؟
شینزن اجلاس کے اہم ترین پہلووں میں سے ایک طاقت کا علامتی مظاہرہ تھا۔ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بذات خود ایئرپورٹ جا کر استقبال کرنا اور انہیں گلے لگانا چین کی سیاسی تاریخ میں نیا اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح مذاکرات کی ٹیبل پر چینی صدر کا صدارتی کرسی پر بیٹھنا بھی اس اہم پیغام کا حامل تھا کہ چین خود کو نئے عالمی نظام کے اہم مرکز ثقل کے طور پر دیکھتا ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوتن کے لیے بھی یہ اجلاس ایک اہم سیاسی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔ روس، یوکرین جنگ اور مغرب کی جانب سے وسیع پابندیوں کے بعد کافی حد تک سفارتی محدودیت سے روبرو تھا۔ اب روسی صدر کا امریکی اور چینی صدر کے ساتھ بیٹھنا ایک ایسا سنہری موقع تھا جس کی روس کو تلاش تھی اور اس نے اس ملاقات کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ روس بدستور عالمی سطح پر ایک بڑی طاقت ہے اور بین الاقوامی امور میں اسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس اجلاس کو اپنی براہ راست سفارت کاری کی کامیابی کی علامت قرار دے سکتا ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس نے اس سیاسی تھیٹر کے عوض کیا مراعات حاصل کی ہیں؟ روس نے یوکرین کے معاملے میں پسپائی اختیار نہیں کی جبکہ چین نے بھی عالمی بحران حل کرنے میں اسے اپنے تعاون کی یقین دہانی نہیں کروائی ہے۔ درحقیقت یوں دکھائی دیتا ہے کہ ولادیمیر پیوتن اور شی جن پنگ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی مشہوری کے لیے استعمال کیا ہے۔ ان میں سے ایک اپنے اوپر مسلط کردہ سفارتی گوشہ نشینی کے حصار سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا ہے جبکہ دوسرے نے چین کو عالمی امور میں فیصلہ کن طاقت کے طور پر متعارف کروایا ہے۔
شاید شینزن اجلاس کا اہم ترین سیاسی پیغام دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے سربراہان کی باہمی ملاقات پر نہیں بلکہ ایک اہم بین الاقوامی کھلاڑی یعنی یورپ کی عدم موجودگی پر مشتمل ہو سکتا ہے۔ کیونکہ کئی سیاسی تجزیہ کار اس ملاقات کو یالٹا ٹو قرار دے رہے ہیں۔ یاد رہے دوسری عالمی جنگ کے بعد فروری 1945ء میں امریکہ کے صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانیہ کے وزیراعظم وینسٹن چرچل اور سابق سوویت یونین کے سربراہ جوزف اسٹالن نے ایک اہم ملاقات کی تھی جو یالٹا کے نام سے معروف ہے۔ اس ملاقات میں تینوں رہنماوں نے دوسری عالمی جنگ کے بعد نئے ورلڈ آرڈر سے متعلق امور طے کئے تھے اور دنیا کی بندر بانٹ میں اپنا اپنا حصہ مقرر کیا تھا۔ یالٹا اجلاس میں برطانیہ ایک عالمی سپرپاور کے طور پر موجود تھا لیکن حالیہ شینزن اجلاس میں براعظم یورپ کی نمائندگی کرنے والا کوئی موجود نہیں تھا۔ اس کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب ہم دیکھتے ہیں کہ شینزن اجلاس میں شریک تین سربراہان کے ایجنڈے میں یوکرین جنگ کا مسئلہ بھی شامل تھا اور یہ مسئلہ یورپ کی سلامتی اور مستقبل سے براہ راست وابستہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یورپ سے متعلق ایک انتہائی ایشو پر یورپ کی عدم موجودگی میں بات چیت انجام پائی ہے جو اس کے لیے حقارت کا باعث ہے۔ یہ بات ہمیں ایک تاریخی تضاد کی یادہانی کرواتی ہے۔ 1945ء میں جب تین بڑی طاقتوں کے سربراہان نے یورپ کے مستقبل کے فیصلے کیے تو ان میں یورپ کا نمائندہ بھی موجود تھا لیکن 2026ء میں جب یورپ کی سلامتی اور مستقبل کے بارے میں بات چیت ہو رہی ہے تو وہاں یورپ کا نمائندہ موجود نہیں ہے۔
عالمی سطح پر طاقت کے توازن میں تبدیلی کا جائزہ لیتے ہوئے محض امریکہ، چین اور روس کے باہمی تعلقات پر توجہ مرکوز رکھنا غلط ہو سکتا ہے کیونکہ اس وقت مغربی ایشیا خطے کے حالات میں موثر ایک اہم طاقت ایران ہے اور تمام سیاسی ماہرین اس حقیقت کو قبول کرتے ہیں کہ مغربی ایشیا خطہ پوری دنیا کے لیے دل کی حیثیت رکھتا ہے اور جس طاقت کو اس خطے پر اثرورسوخ حاصل ہو جائے گا وہ عالمی سطح پر بھی اپنا اثرورسوخ بروئے کار لا سکے گی۔ ایران ایک ایسا ملک ہے جو گذشتہ چند عشروں کے دوران عالمی سامراجیت کے خلاف ایک موثر اور مضبوط طاقت بن کر سامنے آیا ہے۔ ایران کی اہمیت صرف امریکہ کی سیاسی مخالفت کی حد تک محدود نہیں ہے بلکہ زیادہ اہم بات امریکہ کی جانب سے چند عشروں پر محیط پیچیدہ اور شدید اقتصادی پابندیوں، دباو، فوجی دھمکیوں، جارحانہ اقدامات اور رجیم چینج جیسی سازشوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر مشتمل تاریخی تجربہ ہے۔ 1979ء میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ٹکراو کا آغاز ہوا جو اب تک جاری ہے اور اس کی شدت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ یہ ٹکراو اقتصادی اور سیاسی دباو سے شروع ہوا اور فوجی ٹکراو تک جا پہنچا لیکن ہر بار امریکہ کو ایران سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکہ نہ صرف علاقائی اور عالمی سطح پر ایران کا اثرورسوخ ختم نہیں کر پایا بلکہ ہر بر ایران کی کامیابی کے بعد اس کے اثرورسوخ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ لہذا ان دنوں امریکہ کے اندر ہی بہت سے ماہرین اور تجزیہ کار ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ طعنہ دیتے دکھائی دیتے ہیں کہ تم نے میک امریکہ گریٹ اگین کا نعرہ لگا کر میک ایران گریٹ ایران کر دکھایا ہے۔




