تیل کی فروخت میں معاونت کے الزام پر امریکہ کی چار ایرانی شہریوں پر پابندیاں
امریکی وزارتِ خزانہ نے ایران کے تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی بیرونِ ملک جمع کرنے اور منتقل کرنے میں معاونت کے الزام میں چار ایرانی شہریوں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹرمپ حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف اقتصادی محاصرہ مزید سخت کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں امریکی وزارتِ خزانہ نے ان چار ایرانی شہریوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
امریکی وزارتِ خزانہ کے مطابق، اس کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول نے ان افراد پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک ایران کے تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم وصول کرنے اور امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے انہیں منتقل کرنے میں مالیاتی واسطوں کا کردار ادا کر رہے تھے۔
پابندیوں کی زد میں آنے والے چار ایرانی شہریوں کے نام مجتبیٰ عربنژاد، محمدجواد باوند، محمدحسین سروتی اور مجید تاج ہیں۔
ٹرمپ حکومت کی جانب سے ایران کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کو محدود کرنے کی کوششیں ایسے وقت میں جاری ہیں جب واشنگٹن کئی دہائیوں سے اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایران کو تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کے باوجود، ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا کوئی ایسا شعبہ باقی نہیں رہا جسے نشانہ نہ بنایا گیا ہو، تاہم ان تمام کوششوں کے باوجود امریکہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔



