میکسیکو کسی بھی باہری طاقت کے سامنے نہیں جھکے گا: صدر شینبام
میکسیکو کی صدر نے زور دے کر کہا ہے کہ ہمارا ملک کسی بھی بیرونی طاقت کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گا۔
میکسیکو کی صدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کام ملک بیرونی طاقتوں اور ان لوگوں کے سامنے نہیں جھکے گا جنھوں نے ماضی میں اسے لوٹا ہے، خبردار کیا کہ وہ مخالفین، جو 2027 کے وسط مدتی انتخابات کو بے اعتبار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک بار پھر شکست کھائیں گے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے میکسیکو کے انقلاب کے آغاز کی ایک سو سولہویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لاطینی امریکی ملک، ایک آزاد اور خودمختار ماڈل تشکیل دے رہا ہے اور "یہ دکھا رہا ہے کہ پیشرفت کا ایک اور راستہ بھی موجود ہے۔”
میکسیکو کی صدر نے ان لوگوں کو خبردار کیا جو 2027 کے وسط مدتی انتخابات کو بے اعتبار ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہی لوگ جو آج پورفیریو دیاس (میکسیکو کے سابق صدر) کی آمریت کا دفاع کر رہے ہیں اور پیشرفت کے نام پر ایک آمرانہ اور جابرانہ نظام کا جواز پیش کر رہے ہیں، اس جھوٹی جمہوریت کی واپسی کے خواب دیکھ رہے ہیں جو دھاندلی پر قائم تھی۔
انھوں نے اعلان کیا کہ وسط مدتی انتخابات، جن میں ملک بھر میں وفاقی پارلیمان کی 500 نشستوں اور مقامی سطح کے 19,609 عہدوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے، "عوامی رائے کے احترام کی ایک تاریخی مثال” ہوں گے اور ہر قسم کی مداخلت یا دھاندلی سے محفوظ رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مخالفین نے عوام کی مرضی کو شکست دینے کے لیے ہر حربہ آزمایا لیکن ناکام رہے۔ اس مقصد کے لیے انھوں نے "سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں جھوٹ اور الزام تراشی کے لیے پیسوں سے چلائی جانے والی کیمپینز” کا بھی سہارا لیا۔
میکسیکو کی صدر نے زور دے کر کہا کہ وہ (مخالفین) ایک سال پہلے عوام کو تشدد پر اکسانے اور نوجوانوں کی جعلی تحریکیں کھڑی کرنے کی کوشش میں ناکام ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس دانستہ الزام تراشی میں بھی ناکام ہوئے کہ یہ حکومت مجرموں کی حمایت کرتی ہے، اسی طرح وہ بیرونی طاقتوں کو مداخلت پر آمادہ کرنے کی کوشش میں بھی ناکام رہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ یہ بات بلند آواز سے اور واضح طور پر سنی جائے کہ وہ 2027 کے انتخابات کو بے اعتبار کرنے کی کوشش میں بھی ایک بار پھر ناکام ہوں گے۔
شینبام نے مزید کہا کہ وہ ہم پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ ہماری سچائی ان کی راہ کی رکاوٹ ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ہم نہ تو ان لوگوں کے مفادات کے سامنے سر جھکائیں گے جنھوں نے ماضی میں ملک کو لوٹا ہے اور نہ ہی کسی بیرونی طاقت کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں میکسیکو کے عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے، خصوصاً ان لوگوں کی، جنھیں پوری تاریخ میں فراموش کیا گیا۔



