◷

برکس رکن ممالک کے درمیان تجارت

21 نومبر 2026

برکس کے رکن ممالک کے درمیان تجارت ایک ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی

برکس تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہو گیا ہے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ برکس گروپ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 1.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

اسپوتنک کے حوالے سے سرگئی ریابکوف نے برکس کی نوجوان خواتین کے بین الاقوامی فورم میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ممکن ہے کہ ایک دن اس رقم کا ذکر کرتے وقت ہم کسی دوسری کرنسی کی اکائی استعمال کریں لیکن حقیقت کسی بھی نظریاتی ماڈل سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ ہم اس راستے پر آگے بڑھتے رہیں گے۔

اس روسی عہدیدار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برکس ممالک کا اثر و رسوخ ان کے تجارتی حجم سے کہیں زیادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار صرف اقتصادی وزن کی عکاسی نہیں کرتے بلکہ اپنے مفادات کے دفاع اور بین الاقوامی ایجنڈے کے اہم مسائل کے حل پیش کرنے کی برکس کے رکن ممالک کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔

ریابکوف نے مزید کہا کہ ستمبر میں نئی دہلی میں برکس کے اٹھارویں سربراہی اجلاس کے انعقاد کے بعد رکن ممالک نے ایک اعلامیہ جاری کیا، جس میں اقتصادی اقدامات پر عمل درآمد کے عزم پر زور دیا گیا ہے۔ ان اقدامات میں بیرونی خطرات سے محفوظ مالیاتی طریقۂ کار، مالیاتی لین دین کے تصفیے کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل اور اجناس کی منڈی کے قیام جیسے امور شامل ہیں۔

اس سے قبل ایران کی تجارتی توسیع کی تنظیم کے ایک عہدیدار محمد صادق قنادزادہ نے برکس گروپ کے ساتھ ایران کے سالانہ تجارتی لین دین کا حجم 60 ارب ڈالر بتایا تھا۔

یاد رہے کہ برکس گروپ 2010 میں برازیل، روس، ہندوستان اور چین کی شمولیت سے روس کے شہر یکاترین برگ میں تشکیل پایا تھا۔ ایک سال بعد جنوبی افریقا اس گروپ میں شامل ہو گیا۔ اس کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران، مصر، ایتھوپیا اور متحدہ عرب امارات بھی 2024 کے آغاز سے اس گروپ میں شامل ہو گئے۔ بعد ازاں انڈونیشیا بھی 2025 میں برکس گروپ میں شامل ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے