◷

ٹرمپ پر تنقیدوں کی بھرمار

10 نومبر 2026

انتخابی شکست کے بعد ٹرمپ پر تنقیدوں کی بھرمار؛ ریپبلکن رہنماؤں نے بھی سوال اٹھا دیے

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے چھ روز بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتائج کی شفافیت پر سوال اٹھانے سے ڈیموکریٹس کے ساتھ ساتھ بعض قدامت پسند شخصیات نے بھی شدید تنقید کی ہے۔ ناقدین نے ٹرمپ کے انتخابی دھاندلی سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے شکست کی ذمہ داری ان کی پالیسیوں اور ووٹرز کی ناراضی کو قرار دیا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی کانگریس انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے چھ روز بعد انتخابی عمل کی شفافیت پر شکوک و شبہات ظاہر کیے، جس پر ڈیموکریٹس اور بعض قدامت پسند شخصیات کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر سوال اٹھایا کہ کیا واقعی کوئی یہ سمجھتا ہے کہ انتخابات شفاف تھے؟ اور رائے عامہ کے جائزے اس قدر غلط کیوں ثابت ہوئے؟

سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے رہنما چک شومر نے ٹرمپ کے اس بیان کو انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کی پالیسی کی طرف ان کی واپسی قرار دیا۔

ریپبلکن پارٹی کی سابق رکن کانگریس مارجوری ٹیلر گرین، جو ماضی میں ٹرمپ کی حامی رہی ہیں، نے بھی ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انصاف پر کنٹرول رکھنے کے باوجود صدر نے 2020 کے انتخابات سے متعلق اپنے دعوؤں کے سلسلے میں آج تک کسی کے خلاف مقدمہ نہیں چلایا۔

انہوں نے ریپبلکن پارٹی کی شکست کو ٹرمپ اور ان کی جماعت سے ووٹرز کی ناراضی کا نتیجہ قرار دیا۔

ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتائج پر سوالات ایسے وقت میں اٹھائے گئے ہیں جب انہوں نے گزشتہ روز سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح طور پر اعتراف کیا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اسرائیل کی مخالفت میں عوامی اضافے نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست میں کردار ادا کیا۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے بھی ریپبلکن پارٹی کی بھاری شکست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ووٹرز کو غلط انتخاب کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

انہوں نے ایوان نمائندگان میں اکثریت ڈیموکریٹس کے ہاتھوں میں جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’مجھے افسوس ہے کہ ووٹرز نے غلط انتخاب کیا۔‘‘

واضح رہے کہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو منعقد ہوئے تھے، جن میں ریپبلکن پارٹی کو سینیٹ اور ایوان نمائندگان دونوں میں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں ایوانوں کی اکثریت ڈیموکریٹس کے ہاتھ میں چلی گئی۔

2026 کے وسط مدتی انتخابات ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کے لیے ایک بڑی انتخابی ناکامی ثابت ہوئے۔ ڈیموکریٹس نے نہ صرف ملک گیر مقابلوں میں کامیابی حاصل کی بلکہ ان ریاستوں میں بھی پیش قدمی کی جو کئی برسوں سے ریپبلکن پارٹی کے مضبوط گڑھ سمجھی جاتی تھیں۔

ٹرمپ کے حمایت یافتہ امیدواروں کی شکست، اہم نشستوں سے محرومی اور دیہی علاقوں کے ساتھ لاطینی ووٹرز میں حمایت برقرار رکھنے میں ناکامی ظاہر کرتی ہے کہ اس انتخابی نتیجے کو محض کانگریس میں معمول کی سیاسی تبدیلی قرار نہیں دیا جا سکتا، بلکہ یہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل کی واضح علامت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے