ترکیہ کی اسٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکا اور آتشزدگی، 17 مزدور ہلاک، 12 زخمی
حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس کی طے شدہ مرمت کے دوران پیش آیا، فیکٹری انتظامیہ
ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر کے قریب لوہے اور اسٹیل بنانے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 17 مزدور ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ علی آغا کے علاقے میں واقع حباش دمیر چیلک اسٹیل پلانٹ میں پیش آیا، جہاں ایک کرین متبادل بوائلر لے جاتے ہوئے اچانک گر گئی۔
کرین سے بھاری سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔
واقعے کے بعد فیکٹری سے بلند ہوتے شعلوں اور دھویں کے بادلوں نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ زمین لرز اٹھی اور ابتدا میں لوگوں کو زلزلے کا گمان ہوا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے واقعے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر صحت کمال میمیش اوغلو کے مطابق شدید زخمی ہونے والا ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔
ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے سلسلے میں کم از کم پانچ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
فیکٹری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس کی طے شدہ مرمت کے دوران پیش آیا۔



