اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے 48 گھنٹے میں دنیا کے 12 وزرائے خارجہ سے گفتگو کی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچـی انسٹا گرام پر ایک پیغام جاری کرکے بتایا ہے کہ علاقائی حالات، بین الاقوامی صورتحال اور امریکا اور صیہونی حکومت کے اشتعال انگیز اور کشیدگی پیدا کرنے والے اقدامات کے بارے میں، 48 گھنٹے میں 12 ملکوں کے وزرائے خارجہ سے تبادلۂ خیال کیا ہے۔
انھوں نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ ہم نے علاقائی تغیرات اور امریکی وصیہونی حکومتوں کے اشتعال انگیز اقدامات کے نتائج کے بارے میں، عمان، مصر، اردن، سعودی عرب، قطر، قبرس، ترکیہ، کویت، متحدہ عرب امارات، تیونس، عراق اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس پیغام میں بتایا ہے کہ ہم نے بارہ ملکوں کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ الگ الگ ٹیلیفونی گفتگو میں، ملکوں کے قومی اقتداراعلیٰ کے احترام، دھمکیوں اور جارحیت کا سلسلہ بند ہونے اورتخریبی مداخلت سے بیرونی طاقتوں کے پرہیز کرنے کی ضرورت پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف اور بدامنی بڑھنے کی روک تھام کے سلسلے میں علاقائی ملکوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے اسی کے ساتھ، اس پیغام میں لکھا ہے کہ ہم نے اپنے قومی مفادات اور اقتداراعلیٰ کے دفاع کے ایران کے حق نیز خطے سے باہر کی طاقتوں کی کسی بھی قسم کی مداخلت کے بغیرعلاقائی ملکوں کے ذریعے اس علاقے میں قیام امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔



