◷

مذاکرات کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے: محسن نقوی

20 اکتوبر 2026

ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے: پاکستانی وزیر داخلہ

پاکستان کے وزیرِ داخلہ نے خطے میں امن کے حصول کے لیے اعتماد کی بحالی اور مخلصانہ کوشش جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، لہٰذا ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے۔

سید محسن نقوی نے پیر کی شب دوحہ میں عالمی سلامتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد امن کے حصول کے لیے پُرامید ہے اور اس مقصد کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے پاکستانی وفود کے دورۂ تہران اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’جنگ جیتنے کے مقابلے میں امن ہمیشہ بہتر ہوتا ہے۔‘‘

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور سوئٹزرلینڈ کے شہر بورگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات، ایران اور امریکہ کے درمیان امن کے قیام میں مدد دینے کے لیے ہماری عملی کوششوں کا حصہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران بعض مواقع پر کشیدگی میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا ہوا، لیکن ہم صورتِ حال کو قابو میں رکھنے کی کوششوں سے مایوس نہیں ہوئے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’ہمارا پیغام واضح ہے۔ ہم جنگیں رکوانے کے بدلے کوئی رعایت حاصل کرنے کے خواہاں نہیں، بلکہ ہم ایسے مستقبل کے خواہاں ہیں جس میں جنگ کی کوئی جگہ نہ ہو۔‘‘

پاکستان کے وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ امن کے حصول کے لیے اعتماد کی بحالی، مخلصانہ کوششیں اور مذاکرات کے دروازے کا کھلا رہنا ضروری ہے۔

ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان رابطہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔ اس دوران دوطرفہ امور اور خطے کی تازہ صورتِ حال، بالخصوص کشیدگی میں کمی اور مغربی ایشیا میں استحکام کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب، پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھی آج اپنے بیان میں کشیدگی کم کرنے اور ایران سمیت تمام علاقائی فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی تصادم کا پھیلاؤ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں اور اس مسئلے کا حل صرف سفارت کاری اور مذاکرات میں پوشیدہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے