قابض اسرائیلی رژیم کیخلاف حزب اللہ لبنان کی ریکارڈ مزاحمتی کارروائیاں
لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے آج صبح سے جاری ہونے والے اپنے 12ویں بیان میں اعلان کیا ہے کہ لبنانی عوام کے دفاع میں اور جنگ بندی کی خلاف ورزی اور جنوبی لبنان کے دیہاتوں پر صیہونی جارحیت کے جواب میں لبنانی مجاہدین نے القنطرہ نامی قصبے کی الصلعۃ نامی بلندیوں پر موجود اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو متعدد میزائلوں کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی اسلامی مزاحمت نے اپنے گذشتہ بیانات میں عیناتا، عدشیت، رب ثلاثین، البیاضۃ، دیر میماس اور القنطرہ کے قصبوں میں موجود اسرائیلی فوجیوں، فوجی گاڑیوں اور توپخانے پر میزائلوں، ڈرون طیاروں اور توپخانوں کے ذریعے انجام پانے والے اپنے متعدد حملوں کا بھی اعلان کیا تھا۔
اپنے تیسرے بیان میں حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا تھا کہ مزاحمتی مجاہدین نے، براہ راست فائر رینج میں پہنچنے پر 12:30 بجے سے، قابض صیہونیوں کو براہ فائر پر لے رکھا ہے۔ لبنانی مزاحمت نے مزید کہا کہ یہ لڑائی انتہائی قریب سے اور ہلکے اور نیم بھاری ہتھیاروں کے ساتھ جاری ہے جس کے دوران قابض صیہونی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب معروف اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت (Yedioth Ahronoth) نے بھی اعلان کیا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران جنوبی لبنان میں ہونے والی اسرائیلی فوج کی زیادہ تر ہلاکتوں کی وجہ؛ دھماکہ خیز ڈرون، فائبر آپٹک کے ساتھ چلنے والے کواڈ کاپٹر اور اسرائیلی فوجیوں پر بم گرانے والے ڈرون طیارے ہیں۔
