غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ واقعے میں، ایک آٹھ سالہ بچی صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید ہوگئ۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات سے اتوار کی صبح تک غزہ کے مختلف علاقوں پر گولہ باری اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔
بتایا گیا ہے کہ غزہ کے البریج کیمپ کے شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں پر زیادہ وسیع حملے کئے گئے ہیں۔
جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مرکز پر توپخانے کے ساتھ ہی جنگی کشتیوں سے بھی گولہ باری کی گئی ہے۔
اسی کے ساتھ شہر غزہ کے مختلف علاقوں پر بھی غاصب صیہونی فوجیوں نے توپوں سے گولہ باری اور ڈرون طیاروں سے حملے کئے ہیں۔
شمالی غزہ میں، جبالیا البلد کیمپ پر بھی صیہونی فوجیوں کی براہ براہ راست فائرنگ کی خبر ہے۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 74 ہزار فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 75 ہزار، 678 زخمی ہوچکےہیں۔



