اگلی جنگ قطعی طور پر خطے تک محدود نہیں رہے گی: جنرل وحیدی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ اگر ایران پر کوئی جنگ مسلط کی جاتی ہے تو یقینی طور پر وہ اس خطے تک محدود نہیں رہے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اگلی جنگ قطعی طور پر خطے تک محدود نہیں رہے گی، کہا ہے کہ ضرورت کے مطابق میزائل صلاحیتوں میں توسیع کا عمل جاری رہے گا۔
میجر جنرل وحیدی نے منگل کے روز ڈیجیٹل کنٹینٹ کی تیاری کے رضاکار فورس بسیج کے آٹھویں پروگرام کی اختتامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے میزائلوں کی رینج بڑھانے کے لیے کوئی جغرافیائی حد بندی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ رہبر شہید انقلاب نے اس سے پہلے علاقائی جنگ کے بارے میں تاکید کی تھی، اب جنگ قطعی طور پر خطے تک محدود نہیں رہے گی اور حالات، صلاحیتوں اور ضروریات کے مطابق ان صلاحیتوں کو بڑھایا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ مستقبل کی جنگيں خطے کے جغرافیے تک محدود نہیں رہیں گی اور اگر کوئی بھی کارروائی ہوئی تو تمام معاملات ہمارے ملک کے مجاہدوں کے کنٹرول میں ہوں گے۔ میجر جنرل وحیدی نے مسلح فورسز کی تیاریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مجاہدین پوری طاقت کے ساتھ اپنے مورچوں پر موجود ہیں اور انھوں نے اپنے اپنے مشن میں قابل قبول بلکہ بعض معاملات میں حیران کن پیش رفت حاصل کی ہے۔ خدا کے فضل سے مسلح فورسز اسلام، ملک اور ایرانی قوم کے دفاع کے میدان میں پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ موجود ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے خطے میں امریکا کی موجودگی اور اس کے مقاصد کے بارے میں کہا کہ خطے میں امریکیوں کی موجودگی کا مقصد علاقائی ممالک پر تسلط قائم کرنا اور ان کے وسائل اور دولت پر قبضہ کرنا ہے۔ امریکی حکام نے بھی اپنے نئے دور میں اس طرز عمل کے بارے میں کھل کر بات کی ہے اور ‘دودھ دینے والی گائے’ جیسی اصطلاحات استعمال کرکے خطے کے وسائل کے بارے میں اپنے نظریے کو واضح کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے بیان ظاہر کرتے ہیں کہ خطے میں امریکا کی موجودگی کا مقصد علاقائی ممالک کی سلامتی کو یقینی بنانا اور ان کے مفادات کا خیال رکھنا نہیں بلکہ وسائل کو لوٹنا اور خطے پر تسلط قائم کرنا ہے اور اس موجودگی کا نتیجہ صرف عدم تحفظ میں اضافے کی صورت میں سامنے آيا ہے۔
میجر جنرل وحیدی نے علاقے کے ممالک کی جانب سے امریکا کے ساتھ اپنے سیکورٹی تعاون کی نوعیت پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ خطے کے تمام ممالک اس حقیقت کو سمجھ چکے ہوں گے کہ امریکیوں کی موجودگی کا، خطے میں عدم تحفظ کے علاوہ کوئی نتیجہ نہیں ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ بعض ممالک کی ماضی کی غلطی یہ تھی کہ انھوں نے داخلی سطح پر سیکورٹی قائم کرنے اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش کرنے کے بجائے یہ سوچ لیا کہ امریکا پر بھروسہ کر کے وہ اپنی سیکورٹی یقینی بنا سکتے ہیں، حالانکہ امریکا کی موجودگی اور اس پر بھروسے سے حقیقی سیکورٹی حاصل نہیں ہوگی۔
میجر جنرل وحیدی نے زور دے کر کہا کہ پائیدار سیکورٹی صرف داخلی صلاحیتوں پر انحصار اور خطے کے ممالک کے باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے اور ہمیں امید ہے کہ خطے کے تمام ممالک اس ضرورت پر توجہ دیں گے۔



