کیمیائی حملوں سے متاثر ایرانی ، جھوٹے دعوے داروں کی رسوائی کا زندہ ثبوت ہیں: غریب آبادی
قانونی و بین الاقوامی امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے مجرموں اور ان کے حامیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ایران پر ہوئے کیمیائی حملوں کے متاثرین ان کی رسوائي کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے ہیگ میں ایران کے کیمیائی حملوں سے متاثرہ سابق فوجیوں کے ایک گروپ سے ملاقات میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے والوں، انھیں یہ ہتھیار فراہم کرنے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کی جانب سے متاثرین اور مجرموں کی پوزیشن تبدیل کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے کیمیائی حملوں سے متاثرہ سابق فوجی ان لوگوں کی رسوائی کا زندہ ثبوت ہیں جو ان ہتھیاروں کے خلاف جدوجہد کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق کاظم غریب آبادی نے، جو کیمیائی ہتھیاروں پر ممانعت کی تنظیم (OPCW) کے رکن ممالک کی اکتیسویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ہیگ میں موجود ہیں، منگل کو اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے میں کیمیائی ہتھیاروں کے خلاف سرگرم غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور کیمیائی حملوں کا شکار بننے والے سابق فوجیوں کے ایک گروپ سے ملاقات اور گفتگو کی۔
انھوں نے اس ملاقات میں کیمیائی ہتھیاروں کے معاملے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف حالیہ بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے آج مجرم اور متاثرہ فریق کی پوزیشن تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کیمیائی ہتھیاروں کے حقیقی مجرموں اور ان کے حامیوں کو یہ موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ الٹا خود کو حقدار ظاہر کریں لیکن ایران کے کیمیائی حملوں سے متاثرہ سابق فوجیوں کی موجودگی خود دشمنوں کے جھوٹ اور بے بنیاد دعوؤں کا سب سے بڑا ثبوت ہے اور ہم متاثرہ فریق اور ملزم کی حقیقی پوزیشن بحال کرنے کے لیے پوری سنجیدگی سے کھڑے ہیں۔



