◷

حماس رہنما شہید

24 نومبر 2026

حماس رہنما کو چہل قدمی کے دوران اسرائیل نے ڈرون حملے کا نشانہ بناکر شہید کردیا

حماس کے داخلی سلامتی کے سربراہ نعیم ابو نہل دفتر سے واپسی پر چہل قدمی کر رہے تھے


غزہ میں امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں حماس رہنما متعد فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس رہنما 50 سالہ نعیم ابو نہل کو غزہ کی پٹی میں عین اس وقت ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے دفتر کے قریب سڑک پر پیدل جا رہے تھے۔

اس حملے میں نعیم ابو نہل شہید ہوگئے وہ حماس کے داخلی سلامتی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔ حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔

حماس ذرائع نے بھی نعیم ابو نہل کی شہادت ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ اسرائیلی فوج اور داخلی خفیہ ادارے شن بیت نے مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا کہ انھوں نے غزہ میں حماس کے ایک اہم رکن کو نشانہ بنایا تاہم ابتدائی بیان میں اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔

دوسری جانب غزہ میں منگل کے روز دیگر اسرائیلی حملوں میں بھی کم از کم چھ فلسطینی شہید ہوگئے۔

قبل ازیں غزہ کے علاقے خان یونس میں پولیس چوکی کے نزدیک تین فلسطینیوں کو مارا گیا جبکہ مزید 3 فلسطینی نتساریم راہداری کے قریب حملے میں جان سے گئے۔

الجزیرہ کے مطابق ایک دوسرے حملے میں گدھا گاڑی پر سفر کرنے والے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔

رائٹرز کے مطابق اس طرح منگل کے روز مختلف حملوں میں کم از کم سات فلسطینی شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود اسرائیلی حملے نہیں رک سکے۔ جنگ بندی کے بعد سے بھی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے