پاکستان کے صدر نے لبنان کے مقبوضہ علاقوں پر سے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کو فوری اور مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت اور اس حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدوں کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غیر مشروط طور پر لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جانا چاہیے۔
آصف علی زرداری نے سنیچر کو اپنے لبنانی ہم منصب جوزف عون کے نام ایک خط میں لبنان کی خودمختاری، ارضی سالمیت اور آزادی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت پر زور دیا۔ انھوں نے خطے کی سیکورٹی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کی۔
زرداری نے دشمنی کے خاتمے، صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدوں کی مکمل پابندی اور لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فوج کے مکمل اور غیر مشروط انخلا کا مطالبہ کیا۔ پاکستان کے صدر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، بالخصوص قرارداد نمبر 1701 پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
لبنانی ذرائع نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور اس ملک کے جنوب میں صیہونی حکومت کے حملوں کی اطلاع دی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جنوبی لبنان کے قصبے الخیام کی ایک پہاڑی پر زیتون کے درخت اکھاڑ دیے۔



