صدر ایران: علمی انصاف دنیا میں منصفانہ امن اور سلامتی کے بنیادی ارکان میں شامل ہے
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علمی انصاف کو دنیا میں منصفانہ امن اور سلامتی کے بنیادی ارکان میں شمار کیا ہے
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے، نئے عالمی نظام میں علم وٹیکنالوجی میں انصاف کے لئے، اپارتھائیڈ مخالف عالمی اتحاد کی پانچویں بین الاقوامی کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں علم کو بشریت کا اہم ترین سرمایہ اور انسانی معاشروں کی پیشرفت کا بنیادی ترین ستون قرار دیا ہے۔
انھوں نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ علمی اور تکنیکی ترقیات سے بنی نوع انسان کو اس وقت فائدہ پہنچ سکتا ہے جب،اخلاقی ذمہ داری قبول کرنے، بین الاقوامی تعاون اور دانش سے بہرہ مند ہونے اور پیداوار کے مواقع تک سب کے لئے منصفانہ دسترسی فراہم کرنے کے اصولوں پر استوار ہو۔
صدر مملکت نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ علمی انصاف، نہ صرف یہ کہ پائیدار ترقی کے لئے ضروری ہے بلکہ دنیا میں انسانی سلامتی اور منصفانہ امن کے بنیادی ارکان میں سے ہے۔
انھوں نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ علم و ٹیکنالوجی میں اپار تھائیڈ کا مطلب، بعض اقوام کو علمی ترقیات سے محروم کردینا ہی نہيں ہے بلکہ اس میں علم ، ٹیکنالوجی اور تحقیقاتی گنجائشوں سے امتیازی استفادہ، علمی ترقیات پر اجارہ داری قائم کرنا اور علمی میدان میں ملکوں کے درمیان عدم مساوات بھی شامل ہے۔
صدر ایران نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ علم کو اپنی برتری اور تسلط قائم کرنے کا وسیلہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس سے انسانی مسائل حل کرنے، ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے نیز سب کے لئے رفاہ وآسائش فراہم کرنے اور اقوام کے درمیان امن اور افہام و تفہیم کی تقویت کے لئے کام لینا چاہئے۔



