سینیگال کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، کم از کم 35 افراد ہلاک
کشتی میں سوار افراد کی اصل تعداد معلوم نہیں ہوسکی اور متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں
مغربی افریقی ملک سینیگال کے شمال مغربی ساحل کے قریب یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کی کشتی سمندر میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ صرف ایک شخص کو زندہ بچایا جاسکا۔
حادثے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی، رائٹرز اور الجزیرہ کے مطابق یہ حادثہ 6 یا 7 نومبر 2026ء کو سینیگال کے علاقے کیبیمیر (Kébémer) کے ساحل کے قریب پیش آیا۔ کشتی میں سوار افراد غیر قانونی طریقے سے سمندری راستے کے ذریعے یورپ، بالخصوص اسپین کے کینری جزائر پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سینیگال کی وزارت داخلہ نے ابتدائی بیان میں 21 لاشیں ملنے اور صرف ایک شخص کے زندہ بچائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ تاہم امدادی کارروائیوں اور لاشوں کی مزید بازیابی کے بعد سینیگال کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی ایس نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 34 بتائی۔
بعد ازاں اتوار کی شب ہنگامی امدادی اداروں نے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہونے کی تصدیق کردی۔ حکام کے مطابق کشتی میں سوار افراد کی اصل تعداد معلوم نہیں ہوسکی اور متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔



