گوادر میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گيا: پاکستانی فوج
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے گوادر میں ایک آپریشن میں دس دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے صوبہ بلوچستان کے سرحدی علاقے گوادر میں دہشت گرد عناصر کے حملے کی خبر دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک خاتون سمیت 10 دہشت گرد حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شہری بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
آئی ایس پی آر نے جمعے کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ علیحدگی پسند دہشت گردوں کے ایک گروہ نے گوادر شہر کے نواح میں "گبد” سرحدی گزرگاہ کے علاقے میں حملہ کیا۔ یہ گزرگاہ ایران کے ساتھ سرحدی پٹی کے قریب واقع ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان عناصر کی دہشت گردانہ کارروائی پر سیکورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دس دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شہری بھی جاں بحق ہو گیا۔
پاکستانی فوج نے مزید کہا کہ اس کارروائی میں سیکورٹی فورسز کو کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا اور گوادر کے علاقے میں امن و امان اور ریاستی عمل داری بحال کردی گئی۔



