مدینۂ منورہ میں میزائل کو انٹرسیپٹ کیا: ریاض، ہم نے آج کوئی میزائل فائر ہی نہیں کیا: صنعا
سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ مدینۂ منورہ کی فضائی حدود میں ایک کروز میزائل کو مار گرایا گیا ہے جبکہ صنعا نے فوراً اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اس نے کوئی میزائل فائر ہی نہیں کیا ہے۔
سعودی عرب نے جمعرات کی دوپہر کو مدینۂ منورہ میں ایک کروز میزائل کو انٹرسیپٹ کرنے کا دعویٰ کیا تاہم فوراً ہی یمن کی مسلح فورسز کے ترجمان نے ایک مختصر پیغام میں اعلان کر دیا کہ یمنی فوج نے آج سعودی عرب کی جانب کوئی میزائل فائر ہی نہیں کیا ہے۔
سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے دعویٰ کیا ہے کہ مدینۂ منورہ کی فضائی حدود میں ایک کروز میزائل کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سعودی سرزمین کی جانب میزائل فائر کیے جانے کے فوراً بعد ائیر ڈیفنس سسٹم نے اسے ٹریک کیا اور پھر تباہ کر دیا۔
ادھر یمن کی مسلح فورسز کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اس خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج سعودی سرزمین کی جانب کوئی میزائل فائر نہیں کیا گیا اور مدینے کو نشانہ بنانے سے متعلق سعودی عرب کا دعویٰ پوری طرح سے بے بنیاد اور کھلا جھوٹ ہے۔
یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بھی سعودی عرب کی ناکامیاں عروج پر پہنچتی ہیں تو وہ مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کے لیے مکے اور مدینے کا معاملہ اٹھاتا ہے اور ان مقدس مقامات پر انصار اللہ کے حملے کا دعویٰ کرتا ہے۔
یمن میں تحریک انصار اللہ کے رہنما سید عبدالملک الحوثی اس سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ صنعاء پر مکۂ مکرمہ پر حملے کا الزام لگانا صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا ہے کہ یمن کے لوگ ان بڑی مسلم اقوام میں سے ایک ہیں جو مقدسات کا سب سے زیادہ احترام کرتی ہیں۔



