زاخارووا: ایرانی قوم کے عزم کو فوجی مہم جوئی سے نہیں توڑا جا سکتا
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے زور دیا ہے کہ گزشتہ مہینوں کے تلخ تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ فوجی مہم جوئیاں ایرانی قوم کے اپنے ملک کی خودمختاری اور آزادی کے دفاع کے عزم کو نہیں توڑ سکتیں۔
ماریا زاخارووا نے پیر کے روز ایران پر فوجی جارحیت کے اعادے کے بارے میں میڈیا رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا: جو لوگ اب مزید حملوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ان کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ اس حقیقت پر غور کریں۔
زاخارووا نے کہا: ایران کے اطراف کی صورتحال، جو امریکا اور اسرائیل کی بلا جواز جارحیت کا نشانہ بنا ہے، اب بھی پیچیدہ ہے اور یہ تنازعہ اب بھی حل طلب ہے اور مشرق وسطی اور مشرق قریب کے پورے خطے کے دیگر بحرانوں سے جڑا ہوا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا: ہمارا ماننا ہے کہ صورتحال کو معمول پر لانے کے مقصد سے سفارتی کوششوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے ہم ثالثوں کی فعالیت کی حمایت کرتے ہیں اور خود بھی مذاکرات کے عمل میں شریک ہیں نیز فریقین کے لئے متفقہ حل تلاش کرنے اور اس کے نفاذ میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا : روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خطے کے اپنے حالیہ دورے کے دوران، دیگر موضوعات کے ساتھ ساتھ، عرب ممالک اور ایران کے نمائندوں کے ساتھ اس بارے میں گفتگو کی ہے۔
زاخارووا نے زور دیا: روس آبنائے ہرمز کی معمول کی صورت حال میں واپسی کا خواہاں ہے اس طرح کہ ساحلی ممالک کے جائز مفادات کے ساتھ ساتھ ان ممالک کے مفادات کو بھی درست طریقے سے مدنظر رکھا جائے جو عالمی معیشت کی اس شاہراہ کو محفوظ اور بلا رکاوٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔



