◷

جغرافیائی حدود سے ماوراجنگی تیاری

1 نومبر 2026

ہم اپنی جنگی تیاری، جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر جواب دینے کے لیے بڑھا رہے ہیں: وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع نے زور دے کر کہا ہے کہ ہم سپریم کمانڈر کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اپنی مسلح فورسز کی جنگی تیاری، جغرافیائی حدود کا خیال کیے بغیر بڑھا رہے ہیں۔

وزیر دفاع مہرداد اخلاقی نے مسلح فورسز کے بڑے کمانڈروں سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی اور سپریم کمانڈر کی اسٹریٹجک ہدایات اور احکامات پر عمل درآمد کے لیے وزارت دفاع کے پختہ عزم پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسمارٹ جنگی تیاریوں کو بہتر بنانے اور کسی بھی خطرے کا فوری، مؤثر، اسی کے تناسب سے، ہر مقام پر اور جغرافیائی حدود کی پابندی کیے بغیر جواب دینے کی اسٹریٹجی پر پوری طاقت سے عمل کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے مسلح فورسز کے سینئیر کمانڈروں کے نام رہبر انقلاب اسلامی  اور سپریم کمانڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای مدظلہ العالی کے اسٹریٹجک احکامات پوری توجہ اور سنجیدگی سے وصول کیے ہیں۔ یہ ہدایات آنے والے مرحلے میں ملک کے دفاعی نظام کے لیے لائحۂ عمل اور اسٹریٹجک سمت متعین کرتی ہیں اور قومی سلامتی، خودمختاری اور اقتدار اعلیٰ کے تحفظ کے لحاظ سے ہماری ذمہ داری مزید بڑھا دیتی ہیں۔

انھوں نے مزید کہا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ وزارت دفاع نہ صرف خود کو ان ہدایات کو وصول کرنے اور سمجھنے بلکہ ان پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد، انھیں میدان عمل میں نافذ کرنے اور ٹھوس دفاعی کامیابیوں میں تبدیل کرنے کی بھی پابند اور ذمہ دار سمجھتی ہے۔ وزارت دفاع کی تمام تنظیمی، صنعتی، سائنسی اور تکنیکی صلاحیتیں ان ہدایات پر عمل درآمد کے لیے بروئے کار لائی جائیں گی۔

وزیر دفاع نے زور دے کر کہا ہے کہ ہم اسمارٹ جنگی تیاریوں کو بہتر بنانے اور کسی بھی خطرے کا فوری، مؤثر، اسی کے تناسب سے، ہر مقام پر اور جغرافیائی حدود کی پابندی کیے بغیر جواب دینے کی اسٹریٹجی پر پوری طاقت سے عمل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ دفاعی سازوسامان اور ہتھیاروں کے ڈیزائن، تیاری اور فراہمی کے عمل کو تیز کرنا، صنعتی اور تکنیکی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور مسلح فورسز کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہماری سرگرمیوں کے بنیادی محور ہیں۔

مہرداد اخلاقی نے اپنے پیغام میں زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی سلامتی اور قومی مفادات کو خطرے سے دوچار کرنے والے ہر فریق کے لیے ہمارا پیغام واضح ہے: ہر قسم کی جارحیت کا مناسب، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا اور ایران کے دفاعی جواب کا دائرہ، وقت اور نتائج خطرہ پیدا کرنے والے فریق متعین نہیں کریں گے۔ ہم ملک کی سلامتی اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ضروری تیاری، عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انھوں نے اپنے پیغام کے آخری حصے میں کہا ہے کہ ملکی علم و سائنس، صنعتی صلاحیت، انسانی وسائل اور قومی عزم کی پشت پناہی سے ہم ملک کی دفاعی قوت کو بہتر سے بہتر بنانے کا راستہ پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اب ایران کو کسی بھی خطرے سے چونکایا نہیں جا سکتا، وہ کسی بھی دباؤ سے نہیں رکے گا اور سائنسی و تکنیکی ترقی کے راستے میں دوسروں کے حساب کتاب اور ارادوں کا پابند نہیں ہوگا۔ وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہم رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ منصوبوں، اقدامات اور کامیابیوں میں تبدیل کریں گے اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور ارضی سالمیت کی حفاظت میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے