◷

ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے: عراقچی

1 نومبر 2026

قطری ثالث سے بات چیت جاری، ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے: عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق منصوبے کے بارے میں قطری ثالث کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں۔

وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز سے متعلق دو روزہ منصوبے کے بارے میں قطری ثالث کے ساتھ جاری گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت جاری ہے لیکن ابھی تک ہم کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے کیونکہ اس کا انحصار ان باتوں پر ہے جو دوسرا فریق ہمارے سوالات کے جواب میں دے گا۔

سید عباس عراقچی نے مجلس شورائے اسلامی (پارلیمنٹ) کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کی نشست میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک وفد کے دورۂ قطر کے بارے میں بتایا کہ یہ دورہ نائب وزیر خارجہ کی سطح پر کیا گیا اور اس کا مقصد قطری ثالث کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنا تھا، جو گزشتہ ہفتوں کے دوران تہران میں بھی موجود رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران امریکی فریق کے ساتھ مذاکرات کا کوئی منصوبہ سرے سے زیر غور نہیں تھا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس وقت دو روزہ منصوبے کے بارے میں مذاکراتی ثالثوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور اس کے نفاذ کا عمل آگے بڑھ رہا ہے تاہم ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں۔ نتیجے کا حصول ان باتوں پر منحصر ہے جو دوسرا فریق ہمارے سوالات کے جواب میں دے گا۔

عراقچی نے کہا کہ ہم اس راستے میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دوسرے فریق میں اتنی عقل مندی ہوگی کہ وہ سفارت کاری کو دوسرے راستوں پر ترجیح دے گا۔

انھوں نے ہر ممکنہ صورت حال کے لیے اسلامی جمہوریۂ ایران کی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوجی کمانڈروں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے احکامات نے اسلامی جمہوریۂ ایران کے عزم کو پوری طرح واضح کردیا ہے۔ ہماری مسلح فورسز کو بھی ایک بالکل واضح مشن سونپا گیا ہے اور وہ گزشتہ دو جنگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکی ہیں۔

وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دفاع اور سفارت کاری، دونوں کے لیے تیار ہے اور امریکی کون سا راستہ اختیار کرتے ہیں، یہ ان کی عقل و منطق پر منحصر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے