ناگویا کا گولڈ میڈل میں ایران کی داغ دیدہ ماؤں کے نام کرتا ہوں: امین زادہ
ایران کے پیرا پاور لفٹنگ کے سپر ہیوی ویٹ چیمپین نے ناگویا میں جیتا گیا اپنا گولڈ میڈل حالیہ مسلط کردہ جنگوں میں اپنے پیاروں کو کھونے والی ماؤں کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئیچی۔ناگویا پیرا ایشیائی کھیلوں کے پیرا پاور لفٹنگ کے سپر ہیوی ویٹ چیمپئن احمد امین زادہ نے کہا ہے کہ وہ اپنا گولڈ میڈل ایران کے عوام اور ان ماؤں بالخصوص ملک کے جنوبی علاقے کی ماؤں کے نام کرتے ہیں جنھوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔
احمد امین زادہ نے پانچویں پیرا ایشیائی کھیلوں میں 107 کلوگرام سے زائد وزن کے زمرے میں پیرا پاور لفٹنگ کا گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اپنی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ وہ ان مقابلوں میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے کہا کہ ان شاء اللہ امید ہے کہ اگلے مقابلوں سے لے کر لاس اینجلس پیرا اولمپکس تک میں طلائی تمغے جیتتا رہوں گا۔
انھوں نے 260 کلوگرام وزن اٹھا کر مسلسل دوسری مرتبہ پیرا ایشیائی کھیلوں کا چیمپین بننے کے بعد اپنی تیسری کوشش میں ناکامی کے بارے میں کہا کہ میری خواہش تھی کہ یہاں 270 کلوگرام وزن اٹھا کر اپنا ریکارڈ بہتر بناؤں لیکن بدقسمتی سے کامیاب نہ ہوسکا۔ میں اگلے مقابلے میں یہ وزن اٹھانے کی کوشش کروں گا اور اپنے کوچز کی محنت کا صلہ دوں گا۔
ایران کے پیرا پاور لفٹنگ چیمپین نے اپنا طلائی تمغہ ایرانی ماؤں کے نام کرنے کے بارے میں کہا کہ ان ماؤں نے جن مشکلات کو برداشت کیا ہے، ان کے مقابلے میں اس تمغے کی کوئی خاص اہمیت نہیں۔ ایران کے عوام ہمیشہ بہترین چیزوں کے مستحق ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان لوگوں کے لیے بہترین واقعات پیش آئیں گے۔



