سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم ‘سیاسی و دفاعی اسٹریٹجک کمیٹی’ کے اجلاس میں شرکت کے لیے، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور آرمی چیف پر مشتمل ایک پاکستانی سیاسی و عسکری وفد آج (پیر کو) ریاض روانہ ہو رہا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر آج پیر کو ریاض جا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سیاسی و دفاعی اسٹریٹجک کمیٹی کا اجلاس ریاض میں منعقد ہونا طے پایا ہے، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود شرکت کریں گے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اجلاس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے اور دفاعی معاہدے تحت تعاون کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے، بلکہ اسے امن کے لیے ایک اجتماعی کوشش کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
گزشتہ ماہ، پاکستانی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نعمان محمود کو اس سہ فریقی دفاعی معاہدے کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔



