عراق سے غاصب امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں ایران کی وزارت خارجہ کا بیان
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں اپنے بیان میں، عراق پر قبضے کے دوران، عراقی عوام اور دیگر ملکوں کے خلاف جرائم پر امریکی حکومت کے مواخذے کی ضرورت پر زور دیا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں سنیچر کی رات ایک بیان جاری کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان کا متن مندرجہ ذیل ہے:
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ، عراق سے دوعشرے کی المناک موجودگی کے بعد، امریکا اور دیگر ملکوں کی قابض افواج کے انخلا پر عراق کی حکومت اور عوام کو مبارکبادپیش کرتی ہے، اس کی ںظر میں یہ انخلا بہت اہم واقعہ ہے جو ضروری تھا اوراس سے عراق کا قومی اقتدار اعلی، ارضی سالمیت اور خودمختاری محکم ہوگی۔
عراق میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی افواج کی 23 سالہ موجودگی کا المیہ جو 20 مارچ 2003 کو اجتماعی قتل عام کے اسلحے کی موجودگی کے جھوٹے دعوے کے ساتھ شروع ہونے والی فوجی جارحیت کے بعد رقم کیا گیا، عراق اور پورے خطے کے لئے ناقابل تلافی نتائج پر منتج ہوا جس میں دسیوں ہزار معصوم بچوں اور خواتین سمیت دس لاکھ سے زائد عراقی عوام کا قتل عام،عراق کے مادی، حکومتی اور سیکورٹی کے بنیادی ڈھانچوں کو پہنچنے والے سیکڑوں ارب ڈالر کے نقصانات، ماحول حیات کی تباہی، ابوغریب جیل میں عراقی خواتین اور مردوں کو دی جانی والی گھناؤنی ترین ایذاؤں جیسے جنگی جرائم اور عراق نیز اس کے اطراف میں داعش اور تکفیری دہشت گردی شامل ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران بیرونی قبضے، دہشت گردی اور فرقہ پرستی کے مقابلے میں عراقی عوام کی استقامت اور مقاومت کو خراج تحسین پیش کرتاہے، عراق کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر زور دیتا ہے اور یاد دہانی کراتا ہے کہ علاقے کے ملکوں میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی افواج کی موجودگی کا نتیجہ صرف تشدد، بدامنی، تفرقے اور دہشت گردی کےفروغ کی شکل میں برآمد ہوا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ، بیرونی قبضے اور دہشت گردی کے مقابلے میں شہید ہونے والے لاکھوں مجاہدین بالخصوص شہید ابو مہدی المہندس اور شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہو ئے، ان تمام جرائم اور نقصانات کے لئے جن کا امریکی حکومت نے عراق پر اپنے قبضے کے دوران ارتکاب کیا ہے اور عراقی عوام نیز اطراف کے ملکوں کو پہنچایا ہے، امریکی حکومت کے مواخذے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔



