◷

شہری ایر لائینز پر عائد غیر انسانی امریکی پابندیوں کی مذمت

2 اکتوبر 2026

ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے شہری ایر لائینز پر عائد کی جانے والی غیر انسانی امریکی پابندیوں کی مذمت

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں امریکی حکومت کے ان غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات اور ہتھکنڈوں کی مذمت کی ہے جن کا مقصد دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تجارتی تعلقات اور فضائی نقل و حمل میں خلل ڈالنا ہے۔

جمعرات کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ، غیر قانونی امریکی پابندیوں کے ذریعے دیگر اقوام کے ساتھ ایران کے تجارتی اور فضائی روابط کو متاثر کرنے کے امریکی حکومت کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات اور ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتی ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں — بالخصوص ملکوں کے اقتدار اعلی کے احترام اور بنیادی انسانی حقوق کے معیارات کی خلاف ورزی ہیں، بلکہ یہ ممالک، اور خاص طور پر پڑوسیوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو کمزور کرنے کی ایک خطرناک سازش بھی ہیں۔

بیان میں ایران اور عراق کی اقوام کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور عوامی روابط اور تہران بغداد کے درمیان پائے جانے والے برادرانہ تعلقات کی قدر کرتے ہوئے، کہا گیا ہے کہ  ایران کی وزارت خارجہ شہری ہوابازی پر عائد کی جانے والی غیر قانونی امریکی پابندیوں کو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے منافی سمجھتی ہے۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ جمہوریہ عراق کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران مطالبہ کرتا ہے کہ امریکی معاشی دہشت گردی اور اشتعال انگیزی کے باوجود، دونوں اقوام کے مفاد میں پابندیاں ہٹانے اور دونوں ممالک کے درمیان معمول کی پروازیں بحال کرنے کے لیے مناسب فیصلے کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے