کوئٹہ، بہشت زینب (ع) میں شہید میجر سبطین حیدر کی تدفین
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر سبطین حیدر کی تدفین کوئٹہ میں بہشت زینب (س) ہزارہ قبرستان میں کر دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل، صوبائی وزراء اور عسکری قیادت بھی موجود تھی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے میجر سبطین حیدر شہید کا جنازہ علمدار روڈ میں امام بارگاہ نچاری سے برآمد ہوا، جس میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ سیاسی و عسکری شخصیات بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اور آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے بھی جنازے کو کندھا دیا۔ میجر سبطین حیدر کی نماز جنازہ بزرگ عالم دین علامہ محمد جمعہ اسدی نے پڑھائی، جبکہ ان کی تلقین امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی نے پڑھی۔ ان کی تدفین فوجی اعزاز کے ساتھ بہشت زینب (س) ہزارہ قبرستان میں شہدائے کوئٹہ کے مقبروں کے پاس ہوئی۔
