فنانس ایکٹ 2026-27 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری
پاکستان کے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ پر کل سے باقاعدہ عمل درآمد شروع ہو جائے گا
وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2026-27 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ پر کل (یکم جولائی) سے باقاعدہ عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شامل تمام ٹیکس اقدامات، ڈیوٹیز اور مالیاتی فیصلے یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔
یکم جولائی 2026 سے پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والے پر ایڈوانس ٹیکس میں کمی کرکے نئی شرح نافذ کی جائے گی۔
جائیداد فروخت کرنے والے شخص سے مجموعی رقم کا 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا جبکہ جائیداد خریدنے والے شخص پر بھی پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا۔
کل سے بینکنگ کمپنیوں اور فرٹیلائزر سیکٹر کی پندرہ کروڑ روپے سے زائد کی آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔ تمام کارپوریٹ کمپنیوں کی 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن پر 8 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ کل سے کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ کی بین الاقوامی ٹرانزیکشنز پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس 0.5 فیصد عائد ہوگا۔