کراچی، بے رحم ڈکیتوں کی فائرنگ سے دو بچوں کا باپ قتل
شہر قائد میں سائٹ سپر ہائی وے احسن آباد جامعۃ الرشید کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا، مقتول اسکیم 33 کوئٹہ ٹاؤن کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو احسن آباد جامعۃ الرشید کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار شہری کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی لاش قانونی کارروائی کیلئے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت 30 سالہ رحمان اللہ کے نام سے کی گئی۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا۔ مقتول کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول اسکیم 33 کوئٹہ ٹاؤن کا رہائشی اور آبائی تعلق وہاڑی سے تھا، مقتول دو بچوں کا باپ تھا، مقتول بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والی این جی او تعمیر خلق فاؤنڈیشن میں فیلڈ مانیٹر یوسف گوٹھ سرجانی ٹاؤن میں تعینات تھا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ مقتول گھر سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر یوسف گوٹھ سرجانی ٹاؤن جا رہا تھا کہ احسن آباد جامعۃ الرشید کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتول کے پاس اس کا موبائل فون، پرس اور موٹرسائیکل سمیت تمام سامان موجود ہے، مقتول کو ایک گولی سینے کے قریب لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ سپر ہائی وے جمالی پل اور احسن آباد کے اطراف کا علاقہ لاوارث ہے، آئے روز ڈاکو لوٹ مار کے دوران شہریوں کو قتل اور زخمی کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور چور، ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ نہیں، مقتول گزشتہ 10 ماہ سے ملازمت کر رہا تھا، ڈاکوؤں نے مقتول کو روکنے کی کوشش کی، لیکن مقتول رکا نہیں اس لیے مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے، واقعے میں ملوث ملزمان کا فی الفور سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرے۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم مسلح ملزمان نے مقتول کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کی، مسلح ملزمان نے پہلے جہاں مقتول کو روکنے کی کوشش وہاں فائرنگ کی اور پھر آگے جا کر دوبارہ مقتول پر فائرنگ کی، جس کے باعث مقتول پیٹ میں ایک گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے 30 بور پستول کا ایک خول بھی ملا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے اور پولیس دو سے تین پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس نے مقتول کے کزن کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔
