کراچی میں رینجرز پر حملہ/ 6 افراد مارے گئے

ranjers karachi

پاکستان کے شہر کراچی میں گزشتہ رات رینجرز کیمپ پر دہشت گردانہ حملے کی خبر ہے جس میں مجموعی طور پر 6 افراد مارے گیے ہیں۔

پاکستان فوج کے شعبہ رابطہ عامہ، آئی ایس پی آر، نے اتوار کی صبح ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع رینجرز کیمپ پر دہشت گردانہ حملہ ہوا جس میں 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کرکے تین دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ رابطہ عامہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران تین سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، جو افغان شہری ہے۔

پاکستانی فوج کے بیان میں اس دہشت گردانہ حملے میں جماعت الاحرار کو ملوث بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

صدرزرداری نے کہا ہے کہ "پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے