زیلنسکی نے لیبیا میں روسی جہاز پر ڈرون بوٹ حملے کی تصدیق کر دی
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے لیبیا کے بحری اڈے میں روس کے جنگی جہاز پر اپنے ملک کے ڈرون بوٹ حملے کی تصدیق کر دی ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے گزشتہ روز لیبیا کے ساحل کے قریب ایک روسی جنگی جہاز پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ جہاز ڈوب گیا۔
زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یوکرین کی فورسز نے اس کارروائی میں مقامی طور پر تیار کردہ 7 ڈرون بوٹس استعمال کیں۔ یوکرین کے صدر نے اس جہاز کو روس کے جدید ترین جنگی جہازوں میں سے ایک قرار دیا جسے روسی حملے کے دوران 2023 میں استعمال کیا گیا تھا۔ انھوں نے لکھا کہ ہم طے شدہ سمندری حدود میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم روسی جارحیت کا جواب دے رہے ہیں۔ ہم یوکرینی ہتھیار تیار کر رہے ہیں۔
ایسو شی ایٹڈ پریس کے مطابق، یوکرینی فورسز نے ایک روسی مال بردار جہاز کو بھی نشانہ بنایا جسے زیلنسکی کے بقول ماسکو ہتھیاروں کی ترسیل کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر Ka-27 بھی تباہ ہو گیا۔
لیبیا کے بعض عہدیداروں کے مطابق، مشرقی لیبیا میں بنغازی کے بحری اڈے پر موجود روسی بحریہ کے ایک جنگی جہاز پر یوکرینی ڈرون کشتیوں کے حملے میں اسے شدید نقصان پہنچا۔ بنغازی کے لوگوں نے اتوار کی صبح زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور مذکورہ بحری اڈے میں آگ کے شعلے دیکھے گئے۔ مشرقی لیبیا کے حکام نے اعلان کیا کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر بھیجی گئیں اور آگ بجھا دی گئی۔
اس بیان میں جہاز یا اس کے سامان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا گیا ہے کہ یہ جہاز روس اور مشرقی لیبیا میں قائم حکومت کے درمیان تعاون کے معاہدے کے تحت ایندھن بھرنے اور رسد کا سامان لے جانے کے لیے وہاں لنگر انداز ہوا تھا۔



