یمن کے مغربی علاقے میں انصاراللہ نے اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی کھیپ قبضے میں لینے کا اعلان کر دیا
یمن کی تحریک انصاراللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہیکہ اس نے ملک کے مغربی علاقے میں اپنی فوجی کارروائی کے دوران مستعفی حکومت کے جنگجوؤں سے بڑی مقدار میں میزائل، اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لیا ہے۔تحریک انصاراللہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے مغربی یمن میں اپنی فوجی کارروائی کے دوران مستعفی حکومت کے جنگجوؤں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا ہے۔
اس ویڈیو میں اسلحے اور گولہ بارود سے بھرے درجنوں صندوق دکھائے گئے ہیں۔
انصاراللہ کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے اعلان کیا کہ یہ اسلحہ اور گولہ بارود مغربی ساحلی علاقے میں واقع شہر المخا پر قبضے کے لیے پیش قدمی کی کارروائی کے دوران مستعفی حکومت کے جنگجوؤں کے اسلحہ اور گولہ بارود کے گوداموں سے حاصل کیا گیا۔
ویڈیو کے اگلے حصے میں انصاراللہ کے اہلکار صندوق کھول کر ان میں موجود میزائل، ہلکے ہتھیار، مارٹر گولے اور مختلف اقسام کا گولہ بارود دکھاتے ہیں۔
موسمِ گرما کے اواخر میں شہر المخا پر قبضہ، مغربی یمن میں انصاراللہ کی وسیع فوجی کارروائیوں کا نقطۂ عروج تھا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، اس کارروائی نے مستعفی حکومت کے جنگجوؤں کی دفاعی پوزیشنوں کی کمزوریوں اور عدم تحفظ کو بے نقاب کیا۔



