◷

امریکی ،جنگی جرائم کے جواب دہ

12 نومبر 2026

امریکی جنگی جرائم کی جواب دہی سے نہیں بچ سکتے

ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے امریکیوں کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ تم ابلاغیاتی ہنگامہ کرکے، جنگی جرائم کی جواب دہی سے نہیں بچ سکتے

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکیوں کی جانب سے ایران کے خلاف دہشت گردی کے بے بنیاد الزام کی تکرارپر، سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرکے لکھا ہے کہ تم ذرائع ابلاغ میں ہنگامہ اور خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کرکے، ایران کے خلاف اپنے دہشت گردانہ اقدامات اور جںگی جرائم کی جواب دہی سے نہیں بچ سکتے۔  

 انھوں نے ایکس پر اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ امریکا نے صیہونی حکومت کے ساتھ مل کے ایران کے خلاف اپنی جارحیت میں نہ صرف یہ کہ گھناؤنے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے بلکہ ایرانی حکام اور سائنسدانوں کو بزدلی کے ساتھ قتل کرکے، اس سطح پر ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

اسماعیل بقائی اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ اب اسی امریکا نے ” ایرانی دہشت گردی” کے جعلی نام سے، ایران کے خلاف وسیع ابلاغیاتی جنگ شروع کررکھی ہے جس میں خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کررہا ہے۔  

   انھوں نے لکھا ہے کہ امریکا اس خام خیالی میں ہے کہ خود کو مظلوم ظاہر کرکے، دنیا والوں کے اذہان سے طویل عرصے سے جاری اپنی جارحیت اور دہشت گردی کی یادیں مٹاسکتا ہے اور دنیا والے خیالی دہشت گردانہ سازش کے بارے میں اس کے بے بنیاد دعووں پر یقین کرلیں گے۔

ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ” ابلاغیاتی ہنگامہ آرائی، نہ تاریخ دوبارہ لکھ سکتی ہے، نہ ہی مجرمین کو ان کے جرائم سے بری کرسکتی ہے اور نہ ہی فوجی جارحیت کے مرتکبین اور اس کا  حکم دینے والوں کی شناخت چھپاکران کی دہشت گردی اور جنگی جرائم کی پردہ پوشی کرسکتی ہے۔ ”   

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے