ایران کے اسپیکرڈاکٹرقالیباف نے کہا ہے کہ گیند امریکا کے پالے میں ہے، ہم نہ جنگ نہ صلح کی حالت جاری نہیں رکھیں گے
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے الجزیرہ ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ ٹرمپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ اگر انھوں نے جںگ کا فیصلہ کیا تو انتخابات میں سیاسی شکست کی طرح جنگ میں بھی ان کی شکست ہوگی جس کے نتیجے میں انہیں کانگریس میں مواخذے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایران کے اسپیکر نے مذاکرات کی صورتحال اور نہ جنگ نہ صلح کی حالت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکا کو بہت واضح، شفاف اور منطقی جواب دے دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت گیند امریکا کے پالے میں ہے اور اس کو فیصلہ اور اس کا اعلان کرنا ہے۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ امریکا نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس اس کا بھرم ٹوٹ جائے گا، وہ سمجھ رہا تھا کہ حملہ کرے گا اور تین چار دن میں اسلامی جہوری نظام ختم کرکے اپنے اہداف پورے کرلے گا۔ لیکن دیکھ لیا کہ چالیس دن گزرجانے کے بعد سیاسی، اقتصادی اور فوجی میدانوں میں کتنے سخت مسائل اور مشکلات میں گرفتار ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ جنگ کے دوران، ہم نے علاقے کے ملکوں بالخصوص خلیج فارس کے ملکوں کے ساتھ براہ راست گفتگوکی۔ خود میں نے قطر، متحدہ عرب امارات اور عمان کے حکام سے گفتگو اور کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ دیکھئے،اس بدامنی اور خطرے کے بانی و باعث امریکا اور اسرائیل تھے۔ جب امریکی فضا اور زمین سے ہم پر حملہ کریں تو ہمیں اپنا دفاع نہیں کرنا چاہئے؟ فطری طور پر ہمیں اپنے ملک کا دفاع کرناچاہئے۔
انھوں نے کہا کہ ہم قطعاً نہیں چاہتے کہ اسلامی ممالک آپس میں لڑیں۔ آج علاقے کے سبھی ممالک سمجھ گئے ہیں کہ امریکا سیکورٹی فراہم نہیں کرتا بلکہ بدامنی پیدا کرتا ہے۔ ہم اگر علاقے میں سلامتی قائم کرسکیں تو، اس کا یقینًا استقبال اور اس کے لئے اقدام کریں گے۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہی، میں نے واضح کردیا تھا کہ اب آبنائے ہرمز پہلے والی صورتحال پر ہرگز واپس نہیں جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز ہماری سات شرائط میں شامل ہے۔ سمجھوتے کے لئے ایک شق یہ ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق، آبنائے ہرمز کا مینجمنٹ ساحلی ملکوں کے پاس ہوگآ۔ آبنائے ہرمز کے ساحل پر دو ملک ہیں، ایران اور عمان، یہ بین الاقوامی سمندر کا حصہ نہیں ہے اور اس پر 1982 کے کنوینشن کا اطلاق نہیں ہوتا۔ ایران اور عمان کے درمیان یہ سمجھوتہ ہوگیا ہے اور انہیں دونوں ملکوں کے قوانین کے مطابق اس کا مینجمنٹ چلایا جارہا ہے۔



