دشمن کیلئے ’سرپرائز‘ تیار ہیں، حملوں پر نئی فوجی ٹیکنالوجی سے جواب دیا جائے گا، ایران کی وارننگ
ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملک نئی فوجی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے جواب دے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج ماضی کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور بہتر دفاعی پوزیشن میں ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو میں ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ ایران نے غیر متناسب جنگی حکمتِ عملی اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی دفاعی ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے کر اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے۔ ان کے بقول ایرانی مسلح افواج اس وقت ’’بہت اچھی حالت‘‘ میں ہیں۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید اور طاقتور ہوچکے ہیں۔
ان کے مطابق ایران نے کسی ممکنہ دشمن کارروائی کی صورت میں کچھ ’’سرپرائزز‘‘ تیار کر رکھے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا جواب نئی فوجی ٹیکنالوجی کے ذریعے دیا جائے گا۔
شکارچی نے بتایا کہ ایران کی غیر متناسب جنگی حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد بھاری اور مہنگے ہتھیاروں کا مقابلہ نسبتاً کم لاگت، لیکن مؤثر اور عملی دفاعی سازوسامان کے ذریعے کرنا ہے۔ ان کے مطابق اسی حکمتِ عملی کے باعث ایرانی افواج نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے۔
ایرانی عہدیدار کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان خطے میں جاری کشیدگی کے باعث فوجی تصادم کا خطرہ برقرار ہے۔ تاہم شکارچی کے بیان میں کسی مخصوص نئے ہتھیار یا فوجی ٹیکنالوجی کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔



