اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر پی ٹی آئی قیادت نے عمران خان سے جلسہ ملتوی کروایا، علیمہ خان برہم
اسلام آباد: بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی۔
تحریک انصاف کا آج ترنول (اسلام آباد) جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر علیمہ خان کا سخت ردعمل سامنے آیا، جس میں انہوں نے سوال کیا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلا گیا ؟
علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا ؟ صبح 7:30 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہو سکتی ہے ؟ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا ہے۔
عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ کارکنوں کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا۔ موجودہ لیڈر شپ کا ارادہ ہی نہیں ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا۔ پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا ؟ یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام عمران خان کا لگا دیتے ہیں۔