جب تک زندہ ہیں، ایران کے شکر گزار ہیں، سیکرٹری جنرل حزب اللہ
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے مقاومت و مزاحمت کی بے دریغ حمایت اور پشت پناہی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران نے لبنان میں جنگ کے خاتمے کے معاملے کو امریکہ کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی پیشگی شرط قرار دیا ہے، اور حزب اللہ لبنان ہمیشہ کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی شکر گزار رہے گی۔
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل، شیخ نعیم قاسم نے شہید سید ہاشم صفی الدین کی تصنیف "شرح نہج البلاغہ” کے 14 جلدوں پر مشتمل مجموعے کی تقریب رونمائی سے خطاب کیا۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل، شیخ نعیم قاسم کے خطاب کا متن درج ذیل ہے:
اس تقریب کے انعقاد کا مقصد اس عظیم کارنامے اور اس شخصیت سے واقفیت حاصل کرنا ہے جس نے اسلامی کتب خانے کو ایک قیمتی کاوش پیش کی ہے۔
شہید سید ہاشم صفی الدین کی شرح نہج البلاغہ کی تصنیف کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ انھوں نے اس کو اجتماعی کوشش سے تالیف کیا ہے؛ جو بہت اہم موضوع ہے کیونکہ اجتماعی کام خیالات اور افکار ـ خاص طور پر ممتاز علمی شخصیات کے نقطہ نظر ـ سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
جو کام شہید سید ہاشم اور ان کے عالم بھائیوں نے سرانجام دیا ہے وہ ایک بہت بڑی کوشش ہے اور جب اس طرح کا کام اجتماعی طور پر انجام دیا جائے تو اس میں زیادہ درستگی ہوتی ہے اور اس میں مطلوبہ جامعیت پائی جاتی ہے۔ شرح نہج البلاغہ اسلامی دھارے میں اور معاصر تربیت میں امیرالمومنین علی (علیہ السلام) کے مقام پر زور دیتی ہے۔ جناب شہید سید ہاشم کا شرح نہج البلاغہ کے لئے انتخاب ایک بجا اور بروقت انتخاب تھا؛ کیونکہ یہ کتاب انسان سازی کی اعلیٰ صلاحیت رکھتی ہے۔
انھوں نے لبنان کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا:
لبنان کا آئین صدر کو ملک کی وحدت کی علامت، آئین کے احترام اور ملک کی آزادی اور وحدت کی حفاظت کا ذمہ دار قرار دیتا ہے۔ لیکن لبنان کے صدر نے یومِ آزادی کی تقریر میں اسرائیلی-امریکی جارحین اور لبنان کی قومی اور شریف مزاحمت کو ایک جیسا قرار دیا اور اس قابض طاقت ـ جو جارحیت اور تباہی پھیلاتی ہے ـ اور اس قوم میں ـ جو تکلیف اٹھاتی ہے، مزاحمت کرتی ہے اور قربانی دیتی ہے ـ کے درمیان فرق کا قائل نہیں ہؤا۔
کیا صدر کو اپنی قوم کے ساتھ نہیں ہونا چاہئے، چاہے اس قوم نے غلطیاں کی ہوں؟ اسے اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے اور ایسا راستہ تلاش کرنا چاہئے کہ قوم کے افراد کے درمیان اور قوم و حکومت کے درمیان دشمنی اور اختلاف پیدا نہ ہو۔
اس وقت یومِ آزادی کی تقریر نے لبنان کے عوام کے تمام طبقوں میں شدید بحث و اختلاف کو ہوا دی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ایسی باتیں صحیح موقع اور صحیح قام پر نہیں کہی گئیں۔ جو لوگ لبنان، اس کی وحدت، آزادی اور خودمختاری کے بارے میں فکرمند ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ یہ تقریر مناسب نہیں تھی اور صدر لبنان نے یہ باتیں صحیح مقام پر نہیں کہی گئیں۔
لبنان کی حکمران جماعت امریکی دباؤ میں اسرائیل کو رعایتیں دے رہی ہے
امریکہ لبنان کی خودمختاری پر دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ اس سے یہ مطالبہ کرے کہ وہ اسرائیلی دشمن کے حق میں رعایتیں دے۔ اگر معاملہ معاہدوں پر عمل درآمد کا ہے تو لبنان نے 27 نومبر 2024 کو معاہدہ نافذ کیا، اور اسرائیل نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا۔
یہ واضح ہونا چاہئے کہ لبنان میں موجود مزاحمت ایک جائز، قومی، اخلاقی، انسانی، شریف اور عظیم مزاحمت ہے جسے سر آنکھوں پر رکھنا چاہئے اور احترام و قدردانی میں اسے اولین ترجیح دینی چاہئے۔ یہ مزاحمت اپنے حامیوں، قوم، معاشرے اور مددگاروں کے ساتھ لبنان کی حفاظت اور اس کے مختلف طبقات کو نقصان سے بچانے کے لئے بھاری قیمتیں ادا کر رہی ہے۔
اس مزاحمت نے دو سالوں میں مزاحمتی قوتوں، مردوں، عورتوں، بچوں اور عام شہریوں میں سے دس ہزار سے زیادہ شہید پیش کئے ہیں؛ اس کے علاوہ اسرائیل نے لاکھوں گھر تباہ کر دیئے ہیں، اور 30000 سے زیادہ لبنانیوں کو زخمی کیا ہے یا اسیر بنایا ہے۔
ہم دوسرے لبنانیوں کی حفاظت کو اہمیت دیتے ہیں۔ بہت سے مواقع اور کارروائیوں میں، یہاں تک کہ جب بعض موقعوں کو ہم نے کچھ کارروائیاں کرنے سے گریز کیا، تو اس کی وجہ لبنانی معاشرے کے دیگر طبقات کی حفاظت کرنا تھی؛ وہ بھی ان بھاری قیمتوں کے باوجود جو ہم خود ادا کر رہے ہیں۔
ہم نے حکومت کی طرف سے شہداء کے لئے ایک تعریفی لفظ نہیں سنا، کسی نے ان کا شکریہ ادا نہیں کیا اور کسی سے دعائے مغفرت نہیں سنی؛ نہ ان کے لئے جنہوں نے قربانی دی، بلکہ ان کے لئے بھی جو اس شکریے اور دعائے مغفرت بیان کرتے ہیں یہ دکھانے کے لئے کہ ان میں حقیقی قومی احساس ہے اور وہ ان قربانیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔
آج لبنان میں صرف ایک مسئلہ اور ایک خطرہ ہے اور وہ اسرائیلی جارح دشمن ہے جس نے لبنان کی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے اور جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے، قتل کر رہا ہے اور نسل کشی کر رہا ہے۔ مزاحمت اس مسئلے کا ردعمل ہے۔ مزاحمت اس لئے وجود میں آئی کہ حکومت اور فوج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر تھی اور اس کے پاس کافی اور ضروری وسائل موجود نہ تھے۔
مزاحمت ایک بڑے خلا کو پر کر رہی ہے اور اس نے ایسی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے، جو بنیادی طور پر حکومت کی ذمہ داری تھی؛ لیکن وسائل کی کمی اور حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مزاحمت نے یہ ذمہ داری انجام دی ہے۔ یہ مناسب نہیں ہے کہ [اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی حکومت] مزاحمت اور اس کی قربانیوں پر الزام لگائے اور قومی خودمختاری کی حفاظت میں اپنی کی ناکامی کے بعد ‘آگے بھاگ کر’ اس شکست کی ذمہ داری قبول کرنے سے پہلو تہی کرے۔
ایران شرافت اور مظلوموں کی مدد کا نمونہ ہے
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے جوزف عون کے ایران کے بارے میں بیان اور تہران کے لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے بارے میں دعوؤں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا:
ایران اس دنیا میں شرافت کا نمونہ اور مظلوموں کی مدد کا نمونہ ہے۔ ہمیں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے اور ہم اس کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران، امام آیت اللہ سید مجتبیٰ (دام ظلہ) کی قیادت میں، ایرانی قوم اور تمام حکام کے ساتھ، اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ لبنان میں اس شریف مزاحمت کی حمایت کرنی چاہئے جو عزت و کرامت کے ساتھ زندگی گذارنے کی حقدار ہے؛ چاہے اس حمایت کے لئے نقصانات، قربانیاں اور مختلف اقسام کی قیمتیں برداشت کرنا پڑیں اور جانفشانیاں کرنا پڑیں۔
ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ امریکی استکبار اور اسرائیلی قبضہ گری کے خلاف ہمیں متحد رہنا چاہئے۔ یہ اسلامی جمہوریہ ایران ہی تھا جس نے اسرائیل کی لبنان پر جارحیت کو اس کی موجودہ سرحدوں پر روک دیا۔
اسلامی جمہوریہ نے امریکہ کے ساتھ اپنے معاہدے کو تمام محاذوں پر ہر قسم کی جارحیت کے خاتمے کی شرط سے مشروط کیا ہے اور ان محاذوں میں سے پہلا لبنان ہے۔ یہ اسلامی جمہوریہ پر ایک بھاری بوجھ ہے اور یہ اس کی عظیم قربانی ہے اور اس کا مطلب لبنان کی طاقت کو مضبوط کرنا ہے۔
یہ ایران ہی تھا جس نے مزاحمت کی اور لبنانی مزاحمت کی پشت پناہی کی۔ ہم ایران کے لئے کچھ نہیں کر رہے؛ یہ ایران ہے جو ہمارے لئے کوشش کر رہا ہے اور ہماری خاطر ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھا رہا ہے اور اس حقیقت کو سب جانتے ہیں۔ ہم اپنے ملک، اپنی آزادی، اپنی عزت اور اپنی کرامت و وقار کے لئے قربانیاں دیتے ہیں۔
ہم ایران سے کہتے ہیں: جب تک سینے میں سانس ہے، ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ جان لیں کہ آپ ہمارے دل میں جگہ رکھتے ہیں اور ان شاء اللہ لبنان، فلسطین اور خطے میں اس موقف اور مزاحمت کی حمایت کی وجہ سے آپ انسانی مراتب میں سب سے بلند مقام پر فائز ہیں۔
خودمختاری سرزمین کی مکمل آزادی سے شروع ہوتی ہے۔ ہمارے ملک میں دو بنیادی عنوانوں کا ہونا ضروری ہے: خودمختاری اور آزادی؛ آزادی کے بغیر خودمختاری کا تصور ممکن نہیں ہے اور انحصار اور وابستگی کے ہوتے ہوئے آزادی بھی بے معنی ہے۔ آج لبنان کے لئے واحد موجود خطرہ اسرائیلی جارحیت ہے اور ہم سب کو اس کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ ہم یہ نہیں مانتے کہ مکمل اور غیر متزلزل خودمختاری کا کوئی دوسرا متبادل بھی ہو سکتا ہے۔
پانچ نکات کو عملی جامہ پہنانا پڑے گا:
• لبنان پر جارحیت کا خاتمہ،
• لبنان سے اسرائیل کی مکمل پسپائی،
• لبنانی فوج کی دریائے لیطانی کے جنوب میں تعیناتی،
• لبنانی قیدیوں کی رہائی،
• لبنان کی تباہ شدہ بستیوں کی تعمیر نو اور باشندوں کی اپنے گھروں میں واپسی، تاکہ وہ اپنی معمول کی زندگی دوبارہ شروع کر سکیں۔
آزادی اور خودمختاری ـ امریکی سرپرستی اور کچھ علاقائی ممالک کی موجودگی کے باوجود، ـ جو اس امریکی سرپرستی کے ساتھ ـ لبنان میں مداخلت کرتے ہیں، ـ حاصل نہیں ہو سکتی۔
آزادی اور خودمختاری ان احکامات کے سامنے جھک جانے سے بھی حاصل نہیں ہوتی جو امریکی سفیر جاری کرتا ہے؛ ایسا سفیر جو فتنہ اور اندرونی تنازعات کو ہوا دیتا ہے، صدارت کی توہین کرتا ہے اور پابندیوں کی دھمکی دیتا ہے۔
لبنان کی آزادی اور خودمختاری کی حفاظت، اور اس کی تقسیم اور تباہی کے سد باب، کے لئے امریکی سرپرستی کا ہاتھ کاٹنا ضروری ہے۔ اگر یہ سرپرستی جاری رہی اور کچھ لوگ اس کی اطاعت شروع کریں تو یہ [سرپرستی] لبنان کو تباہ کرکے رکھ دے گی۔
البترون کے نوجوان مجرم نہیں ہیں۔ یہ پانچ نوجوان اپنے ملک میں تھے اور اپنے وطن میں آ جا رہے تھے اور ان کے خلاف کوئی ثابت شدہ الزام نہیں ہے۔
ضہر البیدر کے نوجوان بھی مزاحمتی قوتوں کے رکن ہیں؛ ہم نے یہ بات واضح طور پر اعلان کر دی ہے۔ ان کی سرگرمیاں جائز تھیں اور وہ بالکل معمول کے حالات میں مزاحمت کی تیاریوں میں مصروف تھے۔
یہ ملک [لبنان] ہم سب کا ہے اور ہم اس میں شریک ہیں۔ کسی کو حق نہیں ہے کہ اس کے حق میں کوتاہی کرے یا اس کے حقوق سے چشم پوشی کرے۔ ہم اتحاد و یکجہتی اور اندرونی امن و سلامتی کے تحفظ کے لئے صبر کرتے ہیں لیکن ظلم کے سامنے صبر کی ایک حد ہوتی ہے۔ جب بھی ہمیں محسوس ہو کہ خطرہ قریب آ رہا ہے، ہم اسے دور کریں گے اور اپنے وجود اور حقوق کا دفاع کریں گے۔



