یمن میں شامی فوج بھیجنے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے: الشیبانی
شام کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے فوجی دستے یمن میں بھیجنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئي سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔
شام کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے شامی فوج کے دستے یمن بھیجنے سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد زور دے کر کہا ہے کہ اس طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔
العربیہ کے مطابق الشیبانی نے پیر کے روز اپنے اردنی ہم منصب ایمن الصفدی کے دورۂ دمشق کے موقع پر کہا کہ سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمن کی مستعفی حکومت کے ساتھ شام کے فوجی دستے یمن بھیجنے کے سلسلے میں کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر شام اپنی سرحدوں سے باہر فوجی دستے بھیجنے کا فیصلہ کرتا ہے تو وہ یہ کام چھپ کر نہیں کرے گا۔
الشیبانی نے کہا کہ شام کو کسی بھی دوسرے فریق کی نسبت سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون کی زیادہ ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ دمشق کو دفاعی صنعت اور یونیورسٹیوں کے شعبے میں سعودی عرب کی مہارت کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے سنیچر کے روز شام کے دو فوجی ذرائع اور ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ دمشق، محدود تعداد میں اپنے فوجی اہلکار یمن بھیجنے کے علاوہ، ریاض اور صنعا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران فوجی مشاورت اور ٹریننگ کے ذریعے بھی سعودی عرب کی مدد کر رہا ہے۔
روئٹرز نے دو شامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں درجنوں فوجی اہلکار شام سے سعودی عرب منتقل کیے گئے ہیں اور اس مشن میں مشاورت اور ٹریننگ شامل ہے، تاہم اس کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔



