ایرانی وفد کی نیویارک سے روانگی کے وقت کے بارے میں جھوٹے پروپیگنڈے پر ایران کے دفتر کا ردعمل
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے دفتر نے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد کی نیویارک سے روانگي کے وقت کے بارے میں جھوٹے پروپیگنڈے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ یہ وفد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکاسیویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا گیا تھا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے دفتر نے بدھ کی شب ایک بیان جاری کر کے کہا: "ایرانی وفد نے مقامی وقت کے مطابق پیر کی شب، اس پروگرام کے مطابق نیویارک چھوڑا جس کے بارے میں پہلے ہی 17 ستمبر کو امریکی وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔”
بیان میں مزید کہا گيا ہے: "امریکی وزارت خارجہ، جسے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو پائی ہے، اب بے بنیاد اور گھٹیا خبریں شائع کر رہی ہے۔”
اکسیوس کی ویب سائٹ نے اس سے قبل ایرانی وفد کے خلاف منفی پروپیگنڈے کرتے ہوئے ایک ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے ایرانی وفد سے کہا تھا کہ وہ نیویارک چھوڑ دے تاہم ویب سائٹ اسی ذریعے کے حوالے سے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ عراقچی طے شدہ پروگرام کے مطابق پیر کی شام ہی تہران لوٹنے والے تھے۔



