ایرانی عوام کیجانب سے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا مطالبہ
معروف عرب چینل الجزیرہ نے شہید رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جلوس جنازہ کے اولین روز کوریج دیتے اور مصلی (جامع مسجد، تہران) میں سوگوار ایرانی عوام کے عظیم اجتماع کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تہران کا عظیم الشان مصلی کہ جہاں آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے برسوں تک اپنی اہم ترین تقاریر کیں، آج "قومی سوگ کا مرکز” بن چکا ہے۔ اس بارے عالمی میڈیا کا بھی لکھنا ہے کہ یہاں ماحول شدید جذباتی ہے.. کچھ سوگوار آنسو بہا رہے ہیں تو دیگر قومی پرچم لہرا رہے ہیں.. بعض نے مرحوم رہنمائے اعلی کی تصاویر تھام رکھی ہیں تو بعض دوسرے دعا اور ذکر و اذکار میں مصروف ہیں۔
اپنے شہید رہبر کے لئے ایرانی عوام کی جانب سے "انتقام” کی پکار کا حوالہ دیتے ہوئے الجزیرہ نے لکھا کہ یہاں لوگوں کے جذبات نے بھی سیاسی رنگ اختیار کر رکھا ہے اور جم غفیر کے درمیان "مرگ بر امریکہ” اور "مردہ باد اسرائیل” کی صدائیں مسلسل گونج رہی ہیں۔ عرب چینل نے مزید لکھا کہ اس مقام پر موجود تمام سوگوار آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے کا پرزور مطالبہ کر رہے ہیں۔
