شہید رہبر انقلاب کی تدفین اور نماز جنازہ / سو ممالک کے اعلی حکام اور شخصیات کی آمد
علی خامنہ ای
ترجمان دفترخارجہ ایران نے بتایا ہے کہ شہید رہبر کی الوداعی رسومات میں شرکت کے لئے دنیا کے 100 ملکوں کے اعلی حکام، رہنما اور اہم شخصیات تہران آرہی ہیں
ایران کے ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائي نے جمعرات 2 جولائی کو ایران کے نیوز چینل سے گفتگو میں، دیگر ملکوں کے اعلی حکام اور رہنماؤں کی جانب سے شہید رہبر انقلاب کو خراج عقیدت واحترام پیش کرنے اور الوداعی رسومات کی تفصیلات بیان کیں۔
انھوں نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کا آخری دیدار، الوداعی رسومات اور جلوس جنازہ، صرف ایرانی قوم کے لئے ہی نہیں بلکہ علاقے کے عوام، مسلمین عالم اور دنیا کے سبھی حریت پسندوں کے لئے بھی اہم ترین تاریخی روداد ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ آپ کو خراج عقیدت واحترام پیش کرنے، الوداعی رسومات اور جنازے ميں بہت بڑی تعداد میں دیگر ملکوں کی اعلی شخصیات اورعوامی دستے بھی شرکت کریں گے۔
اسماعیل بقائی نے بتایا کہ دنیا کے 100 ملکوں کے اعلی حکام رہنما شہید رہبر کی الوداعی رسومات میں شرکت کے لئے تہران آرہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ جمعہ تین جولائی کو صبح آٹھ بجے سے، دنیا کے دیگر ملکوں کے اعلی حکام، اہم شخصیات اور رہنماؤں نیز عوامی دستوں کے ذریعے شہید رہبر کے جسد پاک کے آخری دیدار اورآپ کو خراج عقیدت واحترام پیش کرنے کی رسومات شروع ہوجائيں گی جو 12 بجے تک جاری رہیں گی اور ایک وقفے کے بعد ڈیڑھ یا دو بجے سے یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔
اسماعیل بقائی نےبتایا کہ شہید رہبر کی الوداعی رسومات کے موقع پر مجموعی طور پر دنیا کے تقریبا 100 ملکوں کی سربراہان، اعلی حکام اور اہم شخصیات ہماری مہمان ہوں گی۔
انھوں نے بتایا کہ ان اہم شخصیات ميں، سربراہان مملکت، وزرائے اعظم، پارلیمانوں کے اسپیکر، وزرائے خارجہ اور حکومتوں کے خصوصی نمائندے شامل ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اعلی سطحی سرکای وفود کے علاوہ مختلف ملکوں کے عوامی دستے بھی شہید رہبر کے جسد پاک کے آخری دیدار، الوداعی رسومات اور جنازے ميں شرکت کے لئے ایران پہنچ رہے ہیں۔
ارنا کے مطابق جمعہ 3 جولائی کو دنیا مختلف ملکوں کے سربراہان مملکت اور دیگر اعلی حکام پر مشتمل اعلی سطحی سرکاری وفود اور غیر ملکی عوام دستوں کی جانب سے، شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کے آخری دیدار اور آپ کو خراج عقیدت و احترام پیش کرنے کی الوداعی رسومات کے بعد، آپ کی الوداعی رسومات کا پروگرام مندرجہ ذیل ہے:
1۔ سنیچر اور اتوار، 4 اور 5 جولائی کو تہران کی عیدگاہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے میدان میں، عوام شہید رہبر اور آپ کے کنبے کے شہیدوں کےجسدہائے پاک کا آخری دیدار کریں گے اور آپ کو خراج عقیدت و احترام پیش کریں گے۔
2 ۔ پیر 6 جولائی کو تہران میں، عقیدت و احترام اور تاریخ شکوہ و عظمت کے ساتھ آپ کا جلوس جنازہ نکالا جائے گا۔
3۔ منگل 7 جولائی کو مقدس شہر قم میں تشییع جنازہ ہوگی
4۔ بدھ 8 جولائی کو عراق میں شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کی سرکاری سطح پر عظیم الشان استقبالیہ رسومات ادا کی جائيں گی جس کے بعد نجف اشرف اور کربلائے معلی میں روضہ ہائے اقدس کے طواف کی رسومات اور آپ کی تشیع جنازہ ہوگی۔
5۔ جمعرات 9 جولائی کو مشہد مقدس میں عظیم الشان اور تاریخی جلوس جنازہ کے بعد آپ کا جسد پاک روضہ امام رضا علیہ الصلوات والسلام میں سپرد خاک کیا جائے گا۔