پاکستان کو آئی ایم ایف سے تقریباً 1.2 ارب ڈالر موصول
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر موصول ہوگئے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 دسمبر 2025ء کو اپنے اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت دوسرا جائزہ مکمل کرلیا اور پاکستان کیلئے 760 ملین ایس ڈی آر جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اس کے علاوہ آر ایس ایف کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی پہلی قسط جاری کرنے کی بھی منظوری دی، چنانچہ ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 10 دسمبر 2025ء کو 914 ملین ایس ڈی آر (تقریباً 1.2 ارب ڈالر کے مساوی) موصول ہوگئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ رقم 12 دسمبر 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر میں شامل ہوگی۔
