میں نے اپنا فرض ادا کرنا ہے، کسی کیخلاف نہیں ہوں، سپیکر پنجاب اسمبلی
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ میں نے اپنا فرض ادا کرنا ہے، کسی کیخلاف نہیں ہوں، اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی احسن انداز میں چلانے کا حلف اٹھا رکھا ہے، اسمبلی کو تماشا گاہ نہیں بننے دیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے معزز ارکان نے خود اسمبلی قوانین بنائے ہیں، میں تو اسمبلی کی حرمت اور حق کا تحفظ کر رہا ہوں، میں ایوان کے ہر رکن کو اس کا حق دلانا چاہتا ہوں، اسمبلی کسی کی احتجاج گاہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا آئین میں نے لکھا ہے میں تو خود 62 اور 63 کا مخالف ہوں، میں تو کہتا ہوں اس کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دو، یہ آمریت کے دور کی نشانی ہے، پاناما کیس کے فیصلے میں آصف سعید کھوسہ نے سپیکر کو اختیار دیا کہ وہ نااہل کر دے، یہ نہیں ہو سکتا آئین کی ان دفعات کا من پسند استعمال کیا جائے، میں اپنے آئینی اختیارات سے ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھوں گا۔
