امام حسین کی شہادت ہمیں ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، پیر مظہر

n01219239-b.jpg

n01219239-b.jpg

وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین (ع) کی شہادت ہمیں صبر و برداشت، حق کیساتھ کھڑے رہنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے کہ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا، قربانیاں دینا حسینی طرز عمل ہے۔ یوم عاشورہ کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سنت حسینی پر عمل کرتے ہوئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام سیدنا حضرت حسین (ع) کا صبر و رضا، جرات و استقامت اور حق کے لیے ہر قوت سے ٹکرا جانا، ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ، کربلا، امتِ مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ و جاوید کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے اپنی عظیم قربانی پیش کر کے ہمارے لیے حق و صداقت کی راہ کو متعین کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) کی قربانی اور شہدائے کربلا کی قربانی کا فلسفہ ہمیں یہ پیغام دیتا اور سبق سکھاتا ہے کہ اسلام کی سربلندی اور دین کی عظمت و بقا کے لیے کسی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہم شہداء کربلا کے نقش قدم پر چل کر قربانی اور عزم و ہمت کی داستان رقم کرنے والے شہدائے فلسطین، شہدائے مقبوضہ کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے