فول پروف سکیورٹی، محکمہ داخلہ پنجاب نے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا
عیدالاضحی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ امن و امان کا قیام ، حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، انٹرنل سکیورٹی کنٹرول روم پنجاب بھر سے 24/7 رپورٹس مرتب کریگا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی کام جاری ہے، آج جمعتہ المبارک اور کل عیدالاضحی کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں، چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔
سیکرٹری داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے کیخلاف دفعہ 144 نافذ ہے، صوبہ بھر میں دریاؤں، ندی نالوں، ڈیمز میں نہانے، کشتی رانی پر بھی دفعہ144 نافذ کی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ جانوروں کے فضلے کو مین ہول یا کینالز میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹس، ایئربیسز کے گرد 15 کلومیٹر میں آلائشیں پھینکنے پر دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ ایئرپورٹس کے گرد کبوتر بازی، آتش بازی اور ڈرون کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں کہیں غیر قانونی مویشی منڈی لگانے اور جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں، انتظامیہ حکومتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔
