بھارت ظلم و جبر کی کارروائیوں سے تحریک آزادی کشمیر کو ہرگز دبا نہیں سکتا، بیرسٹر سلطان
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبر کی کارروائیوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بیش بہا قربانیاں دے کر تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے، بھارت اپنی ناکامیوں کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ و مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کو مظلوم کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اپنے مذموم عزائم ہرگز حاصل نہیں کر سکتا، بھارتی قیادت یہ جان لے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو اپنی آزادی تک جاری و ساری رکھیں گے۔صدر آزاد جموں و کشمیر اور حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے درمیان اس ملاقات میں پہلگام واقعے کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری اسرائیلی طرز کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی
